راولپنڈی : آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج کو کراچی میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر سول انتظامیہ کی مدد کیلئے طلب کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقت عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کراچی میں پاک فوج کو اربن فلڈنگ کی صورتحال سے نمٹنے کے لیئے سول انتظامیہ کی مدد کے لیے طلب کیا گیا ہے۔
دوسری جانب پاک فوج کی کراچی کی صفائی میں کردار سے متعلق وزیراعظم نے سمری پردستخط کر دیے ہیں۔
گذشتہ روز گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا تھا کہ وزیراعظم نے پاک فوج کو کراچی کی صفائی میں اپنا حصہ ڈالنے کو کہا ہے، پاک فوج صفائی کی نگہبانی کرےگی، ایف ڈبلیواو بھی ساتھ ہوگی۔
یاد رہے 2 روز قبل وزیراعظم عمران خان نے کراچی کی صفائی کے لیے فوج کو طلب کرتے ہوئے چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کو کراچی پہنچنے کی ہدایت کی تھی۔
بعد ازاں چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے ) لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کراچی پہنچے اور وزیراعلی سندھ سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران کراچی میں حالیہ بارشوں اور اس کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔