لاہور: پاک آرمی کرکٹ ٹیم نے آسٹریلین آرمی کرکٹ ٹیم کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں چار وکٹوں سے شکست دے دی،کور کمانڈر لاہور کا کہنا ہے کہ پاک فوج کی قربانیوں کے بعد پاکستان اب پرامن ملک ہے, میچ کے وقفے میں آسٹریلین کھلاڑیوں نے بھنگڑا بھی ڈالا۔
نمائندہ لاہور شہزاد ملک کے مطابق لاہور گیریژن گراﺅنڈ میں کھیلے گئے پہلے میچ میں آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں پانچ وکٹوں پر 130رنز اسکور کیے۔
جواب میں لاہور آرمی ٹیم نے مقررہ ہدف 18ویں اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔
اختتامی تقریب کے موقع پر کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے اور اپنے خطاب میں کہا کہ پاک فوج نے امن کے لیے بہت قربانیاں دیں،اب پاکستان میں بین الاقوامی کھیلوں کا انعقاد ممکن ہے۔
میچ میں پہلی اننگز کے وقفے کے دوران نادر سائیں گروپ اور پنجاب رجمنٹ نے روایتی ڈھول بجا کر پنجاب کی ثقافت اجاگر کی جس پر آسٹریلوی کھلاڑیوں نے ان کے ساتھ مل کر خوب بھنگڑا ڈالا۔