راولپنڈی : پاک فوج نے بھارت کی طرف سے وادی نیلم میں پاکستانی چیک پوسٹیں تباہ کرنے کا دعویٰ مسترد کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کےمطابق بھارت کی جانب سے وادی نیلم میں کنٹرول لائن پر پاکستانی چوکی کو تباہ کرنے کا دعویٰ جھوٹا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہفتے سے ورکنگ باؤنڈری کے ہرپار،چھپرار، پوکھلیاں اور شکر گڑھ سیکٹرز پر وقفے وقفے سے فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بھارتی فورسز کی فائرنگ سے چار شہری زخمی ہوگئے ہیں جبکہ پاک فوج موثر طریقے سے ہندوستانی چوکیوں کو نشانہ بنارہی ہے۔
مزید پڑھیں: ورکنگ باؤنڈری پر بلااشتعال فائرنگ،چناب رینجرزکا بھرپورجواب
خیال رہے کہ اس سے قبل ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی فورسز نے بلا اشتعال گولہ باری کی تھی ۔شکر گڑھ سیکٹر میں فائرنگ اور گولہ باری میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا تھاجس کے نتیجے میں دوعام شہری زخمی اور املاک کو بھی نقصان پہنچا۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے سے شروع ہونے والی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں ورکنگ باؤنڈری کے اطراف گاؤں میں ایک بچے سمیت چار پاکستان شہری جاں بحق جبکہ 26 زخمی ہوچکے ہیں۔
مزید پڑھیں: ایل او سی پر فائرنگ: پاک فوج کا بھرپور جواب،5 بھارتی فوجی ہلاک،4 چوکیاں تباہ
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے ہونے والی بلااشتعال فائرنگ کا پاک فوج نے بھرپور جواب دیاتھا،جس کے نتیجے میں بھمبر سیکٹر میں بھارتی فوج کی چار چیک پوسٹیں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں اور پانچ بھارتی فوجی ہلاک ہوگئے تھے۔