جمعہ, اکتوبر 18, 2024
اشتہار

اگر نہ آسکوں تو ان پیسوں سے اپنا گفٹ خرید لینا، کیپٹن کا شہادت سے قبل بہن کو میسج

اشتہار

حیرت انگیز

یہ مسلمہ حقیقت ہے کہ کسی بھی قوم کی بہادری، جرات جذبہ ایمانی، ہمت اور خلوص کا امتحان میدان جنگ سے ہوا کرتا ہے، پاکستان ایک خوش قسمت ملک ہے کہ جس کی تاریخ مسلح افواج کی داستانِ شجاعت، بہادری اور جذبہ شہادت سے مزین ہے۔

مقابلہ چاہے سرحد پار دشمن سے ہو یا وطن عزیز کے اندر چھپے دہشت گردوں سے، پاک فوج کے جوانوں نے ملی جوش و جذبے اور ملکی سلامتی کیلئے اپنی جانیں داؤ پر لگا دیں، اے آر وائی نیوز  نے آج ان ہی شہداء کے لواحقین کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

یوم دفاع پر یادگار شہداء کراچی میں اے آر وائی نیوز کے خصوصی پروگرام میں شہداء کے لواحقین نے شرکت کی اور اپنے پیاروں سے ہونے والی آخری ملاقات یا گفتگو سے متعلق یادیں شیئر کیں۔

- Advertisement -

اس موقع پر شہداء کے لواحقین کی باتیں سن کر سب کے دل بھر آئے اور آنکھوں سے بے اختیار آنسو چھلک پڑے۔

حوالدار اعظم حسین شہید کی زوجہ اور صاحبزادی نے میزبان وسیم بادامی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جس دن حوالدار اعظم آپریشن ضرب عضب میں ڈیوٹی کیلئے گئے تو ان کے گھر دو جڑواں بچوں کی ولادت ہوئی اور جس دن شہادت ہوئی تو وہی بچے ماہ کے ہوچکے تھے لیکن انہوں نے اپنے والد کو کبھی نہیں دیکھا۔

شہید کی بیوہ نے بتایا کہ آپریشن ضرب عضب 2014 کیلئے ان کی پوسٹنگ میراں شاہ میں ہوئی تھی، جب مجھے ان کی شہادت کی اطلاع ملی تو میرے پیروں تلے زمین نکل گئی لیکن جب میں نے ان کا جسد خاکی قومی پرچم میں لپٹا دیکھا تو مجھے اللہ نے صبر دے دیا۔

کیپٹن عمر چیمہ شہید کی والدہ نے بتایا کہ میرا بیٹا ڈیوٹی پر دوسال کیلیے وزیرستان گیا تھا اور واپسی کیلئے صرف 7 دن باقی تھے کہ شہادت کی اطلاع ملی۔

کیپٹن عمر چیمہ شہید کی بہن نے بتایا کہ وہ ایک بار ایک آپریشن پر جارہے تھے تو انہوں نے مجھے میسج کیا اور اپنے بینک اکاؤنٹ کا پن کوڈ دیتے ہوئے لکھا کہ اگر میں نہ آسکوں تو ان پیسوں سے اپنے لیے گفٹ خرید لینا۔ یہ بات بتاتے ہوئے شہید کی بہن اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکی اور آنکھوں سے آنسو چھلک پڑے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں