راولپنڈی : بھارتی فوج نےایل او سی کی ایک بار پھر خلاف ورزی کرتے ہوئے شاہ کوٹ سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی ، جس کے نتیجے میں 20سالہ سپاہی واجدعلی شہید ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی فوج کی لائن کنٹرول پر سیز فائر کی خلاف ورزیوں اور بلااشتعال فائرنگ کا سلسلہ بدستور جاری ہے ، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے ایل اوسی کے شاہ کوٹ سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی گئی، اس دوران بھاری ہتھیاروں کااستعمال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے کہا بھارتی فوج کی فائرنگ سے 20سالہ سپاہی واجدعلی شہید ہوگیا، ضلع دادو کے واجد علی نے بھارتی اشتعال انگیزی کا مردانہ وارجواب دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کی جانب سے بھر پور جوابی کارروائی کی گئی ،جوابی کارروائی سے بھارتی فوج کو بھاری جانی نقصان کی اطلاعات ہیں۔
مزید پڑھیں : بھارتی فورسز کی ایل او سی پر اشتعال انگیزی، جوابی کارروائی میں بھارتی فوجی ہلاک
یاد رہے گذشتہ ماہ بھارتی فوج نے جندروٹ، نکیال سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی تھی ، بھارتی فوج کی فائرنگ سے 2 خواتین، 2 بچوں سمیت 10 شہری زخمی ہوئے تھے ۔
پاک فوج کی بھرپور جوابی کارروائی کے نتیجے میں ایک بھارتی فوجی ہلاک اور بھارتی فوج کے میجر سمیت 3 اہلکار زخمی بھی ہوئے تھے۔
اس سے قبل 4 فروری کو بھارتی فورسز نے لیپا ویلی میں ایل او سی پر شہری آبادی کو مارٹر گولوں سے نشانہ بنایا تھا، جس کے نتیجے میں 2 خواتین اور بچے سمیت 4 شہری زخمی ہوگئے تھے۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے بھارتی سینئر سفارت کار کو دفتر خارجہ طلب کرکے سیز فائر کی خلاف ورزی پر احتجاج ریکارڈ کرایا گیا تھا۔