راولپنڈی : پاک فوج نے وادی راجگال میں فضائی کارروائی کے دوران کئی دہشت گردوں کو ہلاک اور متعدد کو زخمی کردیا، فضائی کارروائی انٹیلی جنس اطلاعات پر کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں آپریشن رد الفساد پوری قوت سے جاری ہے، پاک فوج کے ادارہ برائے تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق دہشت گردوں سے متعلق افغان علاقے ننگرہارسے خیبرایجنسی میں داخلے کی اطلاع ملی تھی جس پر بھرپور کارروائی کی گئی۔
پاک فوج نے وادی راجگال کےعلاقے ستارکلے اور نارائی ناؤ میں فضائی کارروائیاں کیں، جس کے نتیجے میں کئی دہشت گرد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے اور متعدد افراد زخمی حالت میں فرار ہوگئے۔
آئی ایس پی آرکے مطابق فضائی کارروائیوں میں دہشت گردوں کے کئی ٹھکانے بھی تباہ کیے گئے جبکہ زخمی اوربچ جانے والے دہشت گرد واپس افغان صوبے ننگر ہار کی طرف بھاگ گئے۔