میلبرن: پاک آسٹریلیا وائٹ بال سیریز کے حوالے سے شائقین کرکٹ کے لیے بڑی خوش خبری ہے، آسٹریلیا وائٹ بال سیریز کے لیے پاکستان کا دورہ کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق کرکٹ آسٹریلیا کے نئے سی ای او ٹوڈ گرین برگ نے آن لائن پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ آئندہ برس کے اوائل میں آسٹریلیا نے وائٹ بال سیریز کے لیے پاکستان کا دورہ کرنا ہے۔
ٹوڈ گرین برگ نے کہا ’’میرے خیال میں یہ ایک مرتبہ پھر پاکستان کا اچھا دورہ ہوگا، پاکستان کے خلاف سیریز ہمارے شیڈول کا ایک اہم حصہ ہے۔‘‘
سی ای او کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق ریڈ بال اور وائٹ بال سیریز کے لیے پاکستان آسٹریلیا کی آپس میں اچھی بات چیت رہی ہے، انھوں نے کہا ’’ہمیں مزید سیریز کے لیے مواقع تلاش کرنے ہیں جو یقینی طور پر ہم کریں گے، ہم پاکستان میں سیریز کھیلنا چاہیں گے۔‘‘
پی سی بی کا قومی کرکٹرز سے متعلق اہم فیصلہ
ٹوڈ گرین برگ نے مزید کہا ’’سال 2022 میں طویل عرصے کے بعد پاکستان کا دورہ کیا تھا، اور آسٹریلوی ٹیم کا شان دار استقبال کیا گیا، ہم بگ بیش لیگ میں زیادہ سے زیادہ پاکستان کے کھلاڑیوں کو خوش آمدید کہیں گے، پاکستان کے کھلاڑیوں کی کمیونٹی میں بہت مقبولیت ہے اس میں کوئی شک نہیں۔‘‘
انھوں نے کہا اگر پاکستان کے اہم کھلاڑی آتے ہیں تو یقینی طور پر وہ یہاں لطف اندوز ہوں گے، پاکستان کے کھلاڑیوں کے حوالے سے اس وقت بات چیت کا سلسلہ جاری ہے۔