پاکستان اور بنگلادیش کے مابین وائٹ بال سیریز کے امکانات روشن ہو گئے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے صدر فاروق احمد نے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کے مابین چیمپئنز ٹرافی سیمی فائنل کا میچ دیکھا۔ اس موقع پر بی سی سی آئی کے نائب صدر راجیو شکلا، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ اور زمبابوے کرکٹ بورڈز کے حکام بھی موجود تھے۔
میڈیا سے گفتگو میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے سربراہ نے باہمی سیریز سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
بی سی بی صدر فاروق احمد نے کہا کہ مدعو کرنے پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا شکریہ اداکرتا ہوں، دونوں بورڈز کے درمیان ایف ٹی پی کے علاوہ وائٹ بال سیریز پر بات ہوئی ہے دونوں بورڈز سیریز شیڈول کرنے پر بات چیت کر رہے ہیں۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ فاروق احمد کو لاہور میں سیمی فائنل کے موقع پر خوش آمدید کہتا ہوں اور چیمپئنز ٹرافی کےانعقاد پر بی سی بی کے تعاون پر فاروق احمد کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
محسن نقوی نے بتایا کہ دونوں بورڈز گزشتہ چند ہفتے سے باہمی سیریز پر بات کر رہے ہیں جلد سیریز کے حوالے سے پیش رفت ہو گی۔
علاوہ ازیں قذافی اسٹیڈیم لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ بھارتی ٹیم کےپاکستان آنے کافیصلہ بھارتی حکومت نے کرنا ہے بھارتی بورڈ کی پالیسی ہے کہ دو طرفہ سیریز اپنےاپنے ممالک میں کھیلیں گے۔
چیمپئنز ٹرافی کی بہترین میزبانی کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قذافی اسٹیڈیم لاہور آکر بہت اچھا لگ رہا ہے پی سی بی نے بہت اچھے طریقے سے اس ٹورنامنٹ کو آرگنائز کیا ہے، چیمپئنز ٹرافی شروع ہونے سے پہلے تمام معاملات طے پائے تھے۔
راجیوشکلا نے کہا کہ ایشیاکپ کےحوالے سے اس وقت صورت حال برقرار ہے دنیا تو پاکستان اور بھارت کے میچز کرانے کی پیش کش کرے گی۔