تازہ ترین

انٹرنیٹ استعمال کرنے والے پاکستانیوں کیلیے بُری خبر

اسلام آباد: انٹرنیٹ استعمال کرنے والے پاکستانیوں کیلیے بری...

بہت جلد فوج سے مذاکرات ہوں گے، شہریار آفریدی کا دعویٰ

اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر و رہنما پاکستان تحریک...

ہم سب مل کر ٹیم پاکستان ہیں، آرمی چیف

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ...

پاک چین تعلقات مزید مضبوط بنانے کا عزم

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور ان کے چینی ہم منصب وانگ ژی کی ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں دونوں ممالک کے باہمی روابط، مشترکہ مدد اور دوستانہ تعلقات میں اضافے پر اتفاق کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے چینی ہم منصب وانگ ژی کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کی۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ وانگ ژی پاکستان کے دوست ہیں، ہمیشہ حمایت کی۔ چین کے وزیر خارجہ کا دفتر خارجہ آمد پر خیر مقدم کرتے ہیں۔ چینی وزیر خارجہ صدر، وزیر اعظم اور آرمی چیف سے بھی ملاقات کریں گے۔

شاہ محمود کا کہنا تھا کہ سی پیک پاکستان کی سماجی اور معاشی ترقی کے لیے اہم ہے، چینی قیادت کی جانب سے الیکشن میں کامیابی پر مبارکباد کا شکریہ۔ پاک چین دوستی کو عوامی اور حکومتی سطح پر پذیرائی حاصل ہے، ’امید ہے پاکستان اور چین کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے‘۔

انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ تعلقات خارجہ پالیسی میں انتہائی اہم ہیں، چینی قیادت کی جانب سے وزیر اعظم کو تہنیتی پیغامات بھیجے گئے۔ چین پاکستان کا بہترین اور قابل اعتماد دوست ہے۔

انہوں نے کہا کہ چینی وزیر خارجہ نے نومبر میں وزیر اعظم کو دورے کی دعوت دی ہے، سی پیک کی تکمیل حکومت پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔ سی پیک پر کام کرنے والے چینی شہریوں کی سیکیورٹی یقینی بنائی جائے گی۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ سی پیک خطے میں گیم چینجر اور پاکستان کی معیشت کے لیے اہم ہے، معاشی ترقی کے لیے سی پیک کی اہمیت سے بخوبی واقف ہیں، یہ پاکستان اور خطے کے لیے وسیع تر تذویراتی منصوبہ ہے۔ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز سی پیک کی سیکیورٹی کے لیے پر عزم ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اپنی سرزمین دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں ہونے دے گا، چین نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کو سراہا ہے۔ چین نے عالمی برادری پر زور دیا وہ پاکستان کی قربانیوں کو تسلیم کرے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم نے بھی چین کے صدر اور وزیر اعظم کو دورہ پاکستان کی دعوت دی ہے، سی پیک سے وابستہ چینی شہریوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔ چین کے ساتھ تجارتی تعاون بڑھانے پر بھی بات چیت ہوئی، پاکستان چین کے ساتھ مل کر عالمی فورمز پر کام کرتا رہے گا۔

بعد ازاں چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو اہمیت دیتے ہیں۔ پاکستان آ کرخوشی ہوئی، پرتپاک استقبال کیا گیا۔ پاک چین دوستی کو مزید مضبوط کریں گے۔ پاک چین دوستی لازوال ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی سمیت پاکستان میں دیگر منصوبوں میں تعاون جاری رکھیں گے، پاکستان کو درپیش مسائل مل کر حل کریں گے۔ چین اپنی خارجہ پالیسی میں پاکستان کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔

چینی وزیر خارجہ نے بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان کو نومبر میں چین کے دورے کی دعوت دی ہے، پاکستان دورے کا مقصد تعلقات مزید مضبوط کرنا ہے، دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کو سراہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شاہ محمود قریشی کے ساتھ ملاقات مثبت اور مفید رہی، پاکستان چین کا بہترین اور قابل اعتماد دوست ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ غربت کے خاتمے اور پاکستان کی ترقی کے لیے بھرپور تعاون کریں گے۔ دونوں ملکوں کے تعاون سے سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا۔ دنیا سے دہشت گردی کا خاتمہ بھی اولین ترجیح ہے۔

وانگ ژی نے کہا کہ ملاقات میں تجارتی تعلقات بڑھانے پر بات چیت ہوئی، دونوں ملکوں کے تعلقات باہمی تعاون اور باہمی اشتراک پر مبنی ہیں۔ سی پیک چینی صدر کے ون بیلٹ ون وژن کا عکاس ہے۔ آج کی ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور عالمی ایشوز پر گفتگو ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ عوامی رابطوں اور دوروں سے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھے گا، معیشت کی بہتری اور غربت کے خاتمے کے لیے مشترکہ سیمینار کریں گے۔ پاکستان کے ساتھ اسٹریٹجک تعلقات مزید مضبوط کرنا چاہتے ہیں۔

Comments

- Advertisement -