بیجنگ : چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لین جیان نے کہا ہے کہ پاک چین تعلقات خراب کرنے والے سزا سے نہیں بچ سکیں گے۔
یہ بات انہوں نے بیجنگ میں پریس بریفنگ میں کہی، ترجمان وزارت خارجہ لین جیان نے کہا کہ چین دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان سدا بہار اسٹریٹجک تعاون کے شراکت دار ہیں، دونوں ملکوں کے درمیان باہمی اعتماد اور تعاون کو نقصان پہنچانے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات خراب کرنے والے دہشت گرد سزا سے نہیں بچ سکیں گے، دہشت گردی پوری انسانیت کی دشمن ہیں۔ اس کا مقابلہ کرنا اور سانحات کو دوبارہ رونما ہونے سے روکنا بین الاقوامی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ چین پاکستان کی معاشی و سماجی ترقی اور لوگوں کے ذریعہ معاش کو بہتر بنانے کی حمایت جاری رکھے گا اور دونوں ممالک کے درمیان تمام شعبوں میں تعاون مضبوطی سے آگے بڑھائے گا تاکہ دونوں ممالک کے عوام کو فوائد پہنچائے جائیں۔