اسلام آباد: چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے واضح کیا ہے کہ عوام کی خواہشات کے مطابق چین پاکستان کے ساتھ مضبوط تعلقات کو مزید بڑھائے گا۔
نیو یارک میں اقوام متحدہ سلامتی کونسل کے وزارتی اجلاس کے موقع پر نائب وزیر اعظم پاکستان اسحاق ڈار کی چینی وزیر خارجہ وانگ ژی سے ملاقات ہوئی جس میں اہم مسائل پر قریبی رابطے، ہم آہنگی برقرار رکھنے اور تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
دفتر خارجہ پاکستان کے ترجمان شفقت علی خان کے مطابق وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور چینی ہم منصب وانگ ژی کی ملاقات نی ویارک میں ہوئی، فریقین نے سی پیک سمیت دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر خیالات کا تبادلہ کیا اور باہمی دلچسپی کے عالمی اور علاقائی مسائل پر بھی تبادلہ خیال ہوا جبکہ پاکستان نے دوطرفہ تعلقات کی مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ چین کے ساتھ دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے، پاک چین تعاون علاقائی امن، استحکام اور خوشحالی کیلیے اہم ہے۔
وانگ ژی نے کہا کہ چین اپنی خارجہ پالیسی میں پاکستان کو خصوصی اہمیت دیتا ہے اور اس کی سماجی و اقتصادی ترقی کیلیے مستقل حمایت جاری رکھے گا۔
ترجمان شافقت علی خان کے مطابق فریقین نے سی پیک کے دوسرے مرحلے کے تیز رفتار نفاذ پر بھی تبادلہ خیال کیا، وزرائے خارجہ نے سی پیک کی مستحکم ترقی پر اطمینان کا اظہار کیا اور منصوبے کے تحت تعاون کو مزید بڑھانے اور باہمی فوائد کے حصول پر اتفاق کیا۔