دبئی: پاکستان کے ایشیا کپ 2018 میں فاتحانہ آغاز کے بعد کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ ٹیم کو بھارت کے خلاف کام یابی کے لیے 100 فی صد پرفارمنس دینا ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق آج پاکستان کرکٹ ٹیم نے ایشیا کپ میں فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے دوسرے گروپ میچ میں ہانگ کانگ کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی، کپتان نے فتح کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے خلاف سو فی صد پرفارمنس دینا ہوگی۔
قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ ایونٹ میں شروعات اچھی رہی، ہانگ کانگ کے خلاف کھلاڑیوں نے عمدہ کارکردگی دکھائی۔
کپتان کا کہنا تھا کہ انڈیا کے ساتھ جب بھی میچ ہوتا ہے اہم ہوتا ہے، ہم کوشش کریں گے کہ اس کے ساتھ پہلے میچ میں مومنٹم حاصل کریں، انڈیا کے خلاف پوری تیاری کے ساتھ جائیں گے۔
خیال رہے کہ میچ سے قبل کپتان سرفراز کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اتر رہی ہے، کسی بھی ٹیم کو فائنل تک رسائی حاصل کرنے کے لیے 5 سے 6 میچ ضرور جیتنے ہوں گے، تمام ٹیمیں ٹائٹل حاصل کرنے کے لیے اچھی کارکردگی دکھائیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: ایشیا کپ 2018: پاکستان نے ہانگ کانگ کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی
واضح رہے کہ آج دوسرے گروپ میچ میں ہانگ کانگ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 116 رنز بنائے تھے، پاکستان نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 24 ویں اوور ہی میں ہدف حاصل کرلیا۔
بابر اعظم 45 اننگز میں دو ہزار رنز بنانے والے دوسرے پاکستانی بن گئے، اس سے قبل 45 اننگز میں دوہزار رنز کا اعزاز صرف ایشین بریڈ مین ظہیرعباس کے پاس تھا۔