کراچی : پاکستان کرکٹ ٹیم ویسٹ انڈیز کے دورے پر روانہ ہوگئی، کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ کوشش ہوگی ٹیم میدان میں لڑتی ہوئی نظرآئے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ہونے والی سیریزکے لوگو کی رونمائی لاہور کے مقامی ہوٹل میں ہوئی۔ تقریب میں پی سی بی کے عہدیدار اور اسپانسرز نے شرکت کی۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سیریز کا آغاز چھبیس مارچ سے ہورہا ہے جس کے لئے ٹیم کراچی سے براستہ لندن ویسٹ انڈیزکے لئے روانہ ہوگئی۔
Pakistan Team leaving London for West Indies pic.twitter.com/stD0ozSuLB
— PCB Official (@TheRealPCB) March 22, 2017
روانگی سے قبل کپتان سرفراز احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیریز جیت کر ورلڈ کپ میں کوالیفائی کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔
سرفرازاحمد کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے بعد ٹیم سخت وقت سے گزر رہی ہے، سیریز میں ہمیں بہترین کارکردگی دکھانا ہوگی۔
یاد رہے کہ قومی ٹیم دورہ ویسٹ انڈیز میں چار ٹی ٹوئنٹی، تین ون ڈے اور تین ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کا پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ اتوار کو ہوگا۔
واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم اس وقت انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی ون ڈے رینکنگ میں آٹھویں نمبر پر ہے اور اگرستمبر 2017ء تک پاکستانی ٹیم اسی پوزیشن پر رہی تو 2019ء کے ورلڈ کپ کیلئے براہ راست کوالیفائی کر جائے گی