پاکستان کرکٹ ٹیم کو دیکھنے کے لیے بھارتی ایئرپورٹ مداحوں کی بڑی تعداد جمع تھی، ایسے میں قومی ٹیم کے استقبال کے لیے آنے والے ایک مداح کے ہاتھ سے پاکستانی پرچم لے لیا گیا۔
حیدرآباد دکن ایئرپورٹ پر چاچا بشیر پاکستان ٹیم کو دیکھنے آئے تو ساتھ میں پاکستانی پرچم بھی لیکر آئے تاہم یہ بات بھارتی سیکیورٹی اہلکاروں کو پسند نہ آئی اور ایک اہلکار نے ان کے ہاتھوں سے سبز ہلالی پرچم لے لیا۔
چاچا بشیر نے ایئر پورٹ پر معنی خیز انداز میں نعرہ لگایا کہ ’جیتے گا بھئی جیتے گا۔۔۔‘‘ اس کے بعد انھوں نے آگے کچھ کہنے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ ’میں نہیں بولوں گا‘۔
میڈیا کو چاچا بشیر نے خود بتایا کہ بھارتی سیکیورٹی نے مجھ سے پاکستانی پرچم لے لیا۔ راجیو گاندھی ایئر پورٹ پر پاکستانی فین چاچا بشیر نے پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔
واضح رہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ میں شرکت کرنے کے لیےت بھارت کے شہر حیدرآباد پہنچ چکی ہے۔ پاکستانی مداح ٹیم کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے پہلے سے ہی شہر میں موجود ہیں۔
پاکستانی ٹیم 29 ستمبر کو حیدرآباد میں نیوزی لینڈ کے خلاف پہلا وارم اپ میچ کھیلے گی، میگا ایونٹ میں پہلا میچ 6 اکتوبر کو نیدرلینڈز سے ہوگا۔
روایتی حریفوں کے درمیان 14 اکتوبر کو احمد آباد میں شوپیش ایونٹ کا اہم میچ شیڈول ہے۔ کپتان بابراعظم جیت کے لیے پرجوش ہیں جب کہ انھوں نے مداحوں سے دعاؤں کی درخواست بھی کی ہے۔