اسلام آباد: پاکستان نے بھارت کی جناب جانب سے بزدلانہ حملوں میں دہشتگردی کے ڈھانچے کو نشانہ بنانے کا دعویٰ سراسر جھوٹ قرار دے دیا۔
ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے نیوز بریفنگ میں بتایا کہ بھارت عالمی قوانین کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے پاکستان اس کی مذمت کرتا ہے، بھارت کے جنگی جنون سے خطے کے امن کو خطرہ لاحق ہے، عالمی برادری غیر ذمہ دارانہ طرز عمل پر بھارت کو جواب دہ ٹھہرائے۔
شفقت علی خان نے کہا کہ پاکستان ہر ممکن ضبط و تحمل کا مظاہرہ کر رہا ہے، بھارتی اقدام نے دو جوہری قوتوں کو آمنے سامنے لا کھڑا کیا، پہلگام واقعے کی آڑ میں بھارت نے پاکستان کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈا کیا، ایک بار پھر پہلگام واقعے کے پاکستان پر الزامات کو مسترد کرتے ہیں۔
پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تمام خبریں
انہوں نے کہا کہ بھارتی سیکریٹری خارجہ نے گزشتہ روز بریفنگ میں پاکستان پر بے بنیاد الزامات لگائے، بھارت اپنا ریکارڈ درست کرے، پاکستان نے نیک نیتی سے پہلگام واقعہ کی غیر جانبدارانہ عالمی تحقیقات کی پیشکش کی، کیا کوئی ملک سوشل میڈیا پوسٹ کی بنیاد پر دوسرے ملک پر چڑھائی کر سکتا ہے؟
ترجمان کے مطابق بھارت دہشتگردی کا شکار ہونے اور مظلومیت کا ڈرامہ کر رہا ہے، بھارت کا پاکستان میں دہشتگردی کے ڈھانچے کو نشانہ بنانے کا دعویٰ سراسرجھوٹ پر مبنی ہے، بھارت خود دہشتگردی میں ملوث ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ طاس دو طرفہ نہیں عالمی معاہدہ ہے، نیلم جہلم منصوبے کو بھارتی حملے میں نقصان پہنچا، پاکستان اپنے دفاع میں اقدامات کرے گا، بھارت پہلگام واقعے سے متعلق کوئی بھی ثبوت دینے میں ناکام رہا، بھارت نے امن کی بجائے جارحیت کا راستہ اختیار کیا۔