اسلام آباد: پاکستان اور آئی ایم ایف مشن کے مذاکرات کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا جس میں بتایا گیا ہے کہ دسمبر تک کے تمام اہداف حاصل کر لیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف مشن کے مذاکرات کے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ معاشی اصلاحات کے پروگرام کے تحت خاطر خواہ بہتری آئی ہے، دسمبر تک کے تمام اہداف حاصل کر لیے گئے ہیں، اصلاحاتی پروگرام پر تیزی سے کام ہو رہا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستانی حکام سے تمام معاشی شعبوں پر تفصیلی بات چیت ہوئی، تمام تر پیشرفت آئی ایم ایف بورڈ کی جانب سے فیصلے میں مدد گار ثابت ہوگی، معاشی سرگرمیاں بہتری کی جانب گامزن ہیں۔
آئی ایم ایف اعلامیے کے مطابق جاری کھاتوں کے خسارے میں نمایاں کمی آئی ہے، روپےکی قدرمیں کمی کے بعد مہنگائی میں اضافے کی شرح میں کمی آنی چاہیے، رسد سے متعلق مسائل عارضی ہیں، ترقیاتی، سماجی اخراجات میں اضافہ ہوا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ رواں مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں مالیاتی کارکردگی مستحکم رہی، مقامی ٹیکس وصولی میں اضافے سے پرائمری سرپلس حاصل ہوا، پہلے 6 ماہ میں پرائمری سرپلس جی ڈی پی صفر اعشاریہ 7 فیصد رہا۔