ایشیاکپ کے سپرفور مرحلے میں بارش سے متاثرہ پاکستان اور بھارت کا آج کا کھیل ختم کر دیا گیا۔ میچ کل وہیں سے شروع ہوگا جہاں رکا تھا۔
سُپر فور مرحلے کے تیسرے میچ میں بھارت کی پاکستان کے خلاف بیٹنگ جاری تھی کہ بادل برس پڑے جس کے باعث میچ روک دیا گیا۔
بھارت نے 24 اووز میں 147 رنز بنائے ہیں۔ روہت شرما 56 رنز بنا کر شاداب خان جبکہ شبھمن گل 58 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔
کولمبو میں مسلسل تیز بارش کے باعث گراونڈ کی آؤٹ فیلڈ خراب تھی۔ بارش رکنے پر امپائرز نے تین بار میدان کا جائزہ لیا اور آؤٹ فیلڈ کو کھلاڑیوں کے لیے ناقابل استعمال قرار دیا۔
پاک بھارت میچ بارش کے باعث نہ کھیلے جانے یا نا مکمل رہنے پر اے سی سی نے کل (پیر) ریزرو ڈے کے طور پر رکھا ہے میچ آج جہاں رکے گا کل وہیں سے اس کا آغاز ہوگا.
واضح رہے کہ سری لنکا کے ڈی جی محکمہ موسمیات نے پہلے ہی اے سی سی کو کولمبو کے موسم سے خبردار کرتے ہوئے مشورہ دیا تھا کہ میچز کو کہیں اور منتقل کر دیا جائے لیکن ایشین کرکٹ کونسل کے صدر جے شاہ نے یکطرفہ فیصلہ کرتے ہوئے میچز یہیں کرانے کا فیصلہ برقرار رکھا۔