کراچی / حیدرآباد / سکھر/ پشاور : جنگی جنون میں مبتلا بھارت کے خلاف ملک بھر میں مظاہرے جاری ہیں، مسلح افواج سے یکجہتی کے لئے مختلف شہروں میں ریلیاں نکالی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی جارحیت کے بعد ملکی دفاع کے لئے ہر پاکستانی شہری پاک فوج کے شانہ بشانہ ہے، جس کا اظہار گزشتہ کئی روز سے گاہے بگاہے ملک کے مختلف شہروں میں نظر آرہا ہے۔
اس حوالے سے ملک کے مختلف شہروں میں ریلیوں کا سلسلہ جاری ہے، شہر قائد سے پشاور اور لکی مروت تک پوری قوم ہم آواز ہے، اس موقع پر شرکاء نے پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے فلک شگاف نعرے بھی لگائے۔
ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے، پاکستان بھر کے عوام ہر محاذ پر پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔
پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لئے کراچی میں تحریک انصاف اور دیگر جماعتوں نے سہراب گوٹھ سے پریس کلب تک ریلی نکالی۔ فاروق ستار کی قیادت میں بھی کارکن سڑکوں پر نکل آئے۔
اس کے علاوہ حیدرآباد ، سکھر ،میرپورخاص، نوشہرفیروز میں بھی پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا گیا، بھارتی جارحیت کیخلاف اور افوج پاکستان سے یکجہتی کے لئے لاہور میں موٹر سائیکل سواروں نے ریلی نکالی۔
لبرٹی چوک سے مینار پاکستان تک ریلی میں بڑوں کے ساتھ بچوں نے بھی ملک اور فوج سے محبت کااظہار کیا، پھولوں کے شہر پشاور میں عوام سبز ہلالی پرچم تھامے سڑکوں پر نکل آئے۔
شرکاء نے بھارت کے خلاف اور پاک فوج کے حق میں نعرے لگائے، لکی مروت میں تحریک انصاف نے ریلی نکال کر پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے رہنےکا پیغام دیا۔