کراچی : پاکستان نیوی کے ترجمان نے کہا ہے کہ انڈین نیوی اگر پاکستان کی جانب میلی نگاہ سے بڑھے گی تو اسے بحیرہ عرب میں غرق کردیا جائے گا۔
مقامی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دشمن کے کسی بھی مس ایڈونچر کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔
پاک بحریہ کے ترجمان نے کہا کہ جس طرح پاک فضائیہ نے دشمن کو چاروں شانے چت کیا ہے اور وہ اپنے طیاروں کا ملبہ اپنے میڈیا کو دکھانے سے گریز کررہا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اسی طرح افواج پاکستان کا دوسرا ونگ پاک بحریہ بھی اپنی صلاحیتیں دکھانے کیلئے پوری طرح تیار ہے۔
اس حوالے سے سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک بحریہ کسی بھی جارحیت کا مقابلہ کرنے کیلئے الرٹ ہے، پاکستان کی آبی سرحدوں کی محافظ پاک بحریہ ہر دم تیار ہے۔
سیکورٹی ذرائع کے مطابق پاک بحریہ کے جنگی بیڑے سمندری حدود میں معمول کے گشت پر ہیں، پاک بحریہ کسی بھی جارحیت کی صورت میں بھرپور جواب کیلئے چوکس ہے۔
واضح رہے کہ دی ٹیلی گراف کی رپورٹ کے مطابق بھارت نے سپر سانک کروز میزائل سےلیس بحری بیڑا پاکستان کے ساحل سے 300سے 400 میل کے فاصلے پر موجود ہے۔
پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تمام خبریں
اخبار کا دعویٰ ہے کہ بھارت نے سپر سانک کروز میزائل سے لیس اپنے طیارہ بردار جہاز، ڈیسٹرائیرز، فریگیٹس اور اینٹی آبدوز جنگی جہاز پاکستان کی جانب روانہ کردیے ہیں تاکہ کراچی کی بندرگاہ کو نشانہ بنایا جاسکے۔