اسلام آباد : پاک بحریہ کے سی کنگ ہیلی کاپٹرز نے شمالی بحیرہ عرب میں ڈوبنے والی ایرانی کشتی کے عملے کو بچا لیا، پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس نصر نے بھی سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں مدد فراہم کی۔
تفصیلات کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی الرحمانی نامی کشتی کے ڈوبنے کی اطلاع ملتے ہی پاک بحریہ نے فوری ردِ عمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کا آغاز کیا۔
ایرانی کشتی پر عملے کے گیارہ افراد سوار تھے۔پاک بحریہ کے 02 سی کنگ ہیلی کاپٹرز کو ڈوبنے والی ایرانی کشتی کی تلاش اور عملے کو بچانے کے لیے روانہ کیا گیا۔
سرچ اینڈ ریسکیو آلات سے لیس پاک بحریہ کے ہیلی کاپٹرز جن پر میڈیکل ٹیم بھی موجود تھی نے کم ترین ممکنہ وقت میں کراچی سے جنوبی مغربی کھلے سمندر میں پہنچ کر ڈوبنے والی کشتی کی تلاش کا آپریشن فضا سے شروع کیا۔
نامساعد سمندری حالت میں کٹھن سرچ آپریشن کے بعد ہیلی کاپٹرز کے عملے نے ڈوبنے والی کشتی کے عملے کو تلاش کیا، شمالی بحیرہ عرب میں معمول کی گشت پر مامور پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس نصر نے بھی سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں مدد فراہم کی۔
ایرانی کشتی کے عملے کے گیارہ افراد کو انتہائی قلیل وقت میںبچا کر سی کنگ ہیلی کاپٹرز پر لایا گیا جہاں انہیں ضروری طبی امداد فراہم کی گئی۔بچ جانے والے افراد نے بہترین پیشہ ورانہ انداز میں بروقت ریسکیو آپریشن انجام دینے پر پاک بحریہ کا شکریہ ادا کیا۔
یہ ریسکیو آپریشن ڈیڑھ گھنٹہ جاری رہا جس کے نتیجے میں ایرانی کشتی کے عملے کے تمام گیارہ افراد کو بچا کر کراچی میں واقع پاک بحریہ کے ایئر بیس پی این ایس مہران پہنچایا گیا۔
ایرانی کشتی کے عملے کو ہیڈ کوارٹرز پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کے حوالے کر دیا گیا تا کہ قانوں کے مطابق ان کی وطن واپسی ممکن ہو سکے۔
نیول فورسز، جلد رسائی اور پہنچ کی وراثتی خوبیوں کی حامل افواج ہیں جس کا بھر پور مظاہرہ کھلے سمندر میں اس آپریشن کے دوران کیا گیا۔پاک بحریہ کے جہاز سبز ہلالی پرچم کو دنیا بھر میں سر بلند کر رہے ہیں جو ہمارے قومی جذبے اور انسانی خدمت کے عزم کا عکاس ہے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔