حیدرآباد: کراچی کے بعد حیدرآباد میں بھی مصطفے کمال اور ان کے ساتھیوں نے سیاسی سرگرمیوں کا آغاز کردیا ہے ،مصطفے کمال اور ان کے ساتھی آج اپنے دورہ حیدرآباد کے دوران لطیف آباد میں قائم کئے گئے پارٹی کے رابطہ آفس میں پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے۔
حیدرآباد کے علاقے لطیف آباد نمبر چھ میں قائم آفس میں مطفیٰ کمال اور ان کے ساتھیوں کے استقبال کی تیاریوں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔
پاک سرزمین پارٹی کے دفتر میں موجود کارکنان نے دفتر کے باہر کھڑے پینافلیکس بھی آویزاں کردیئے ہیں جن پر قائد اعظم محمد علی جناح ، مصطفی کمال اور انیس قائمخانی کی تصاویر آویزاں ہیں ، جبکہ دفتر کے باہر اور اندر قومی پرچم لگا دیئے گئے ہیں۔
پاک سرزمین پارٹی کے دفترمیں شہریوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے جن میں دفتر میں موجود کارکنان آنے والے شہریوں میں پمفلٹ بھی تقسیم کر رہے ہیں۔
دفتر کے باہر گزشتہ روز سے دو پولیس موبائلز بھی بدستور تعینات ہیں۔
دوسری جانب مصطفیٰ کمال کی حیدرآباد میں سیاسی سرگرمیوں کے جواب میں ایم کیوایم کی جانب سےبھی اپنے قائد الطاف حسین سے اظہار یکجہتی کے لئے شہر کے کے مختلف علاقوں سےریلیاں نکالنے کا اعلان کیا گیا ہے۔