لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز کے لئے پندرہ رکنی ٹیم کا اعلان کردیا، سابق کپتان اظہرعلی کو ڈراپ کردیا گیا، انضمام الحق کے بھتیجے کو ٹیم میں جگہ مل گئی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پانچ ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز تیرہ اکتوبر سے دبئی میں ہوگا۔ سلیکشن کمیٹی نے کوچ اور کپتان سے مشاورت کے بعد پندرہ رکنی ٹیم کا انتخاب کرلیا۔
چیمپئنز ٹرافی کے فاتح اسکواڈ سے سابق کپتان اظہرعلی کی چھٹی کردی گئی ہے، سلیکٹرز نے آئی لینڈز کے خلاف سیریزکے لئے نوجوان کھلاڑی امام الحق کو چانس دیا ہے۔
قومی ون ڈے ٹیم کی قیادت سرفراز احمد کریں گے، دیگر کھلاڑیوں میں احمد شہزاد، فخر زمان، محمد حفیظ، بابر اعظم، شعیب ملک، عماد وسیم، شاداب خان، فہیم اشرف، حسن علی، محمد عامر، رومان رئیس، جنید خان اور حارث سہیل شامل ہیں۔
ابوظہبی ٹیسٹ: سری لنکا نے پاکستان کو شکست دے دی
یاد رہے کہ نئے آنے والے کھلاڑی امام الحق چیف سلیکٹر انضمام الحق کے بھتیجے ہیں، اس حوالے انضمام الحق کا کہنا ہے کہ امام الحق کی سلیکشن کو میرے بھتیجے کے طور پر نہ دیکھا جائے،ان کی سلیکشن ڈومیسٹک میں اچھی کارکردگی پرکی گئی ہے۔