اسلام آباد: افغانستان کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے پاکستان اور امریکا کے درمیان اسلام آباد میں مذاکرات ہوئے جس میں افغان مسئلہ طاقت کے بجائے سیاسی بنیاد پر حل کرنے پر زور دیا گیا۔
پاکستان اور امریکا کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے جس میں پاکستانی وفد کی قیادت سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نےکی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق 10 رکنی امریکی وفد سے دفتر خارجہ میں مذاکرات ہوئے، امریکی وفد کی سربراہی معاون سیکریٹری خارجہ الیس ویلز نے کی،دو طرفہ تعلقات کی پالیسی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں افغانستان کی صورتحال پر بات چیت ہوئی جس میں پاکستان کی جانب سے افغان مسئلہ سیاسی بنیاد پر حل کرنے پر زور دیا گیا۔
سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن کا خواہاں ہے، پاکستان دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
ترجمان کے مطابق امریکی وفد کو بھارتی ریاستی دہشت گردی کے بارے میں بھی بتایا گیا،امریکی وفد کی جانب سے دو طرفہ بات چیت جاری رکھنے کا عزم کیا گیا، امریکی وفد نے وزیر خارجہ خواجہ آصف سے بھی ملاقات کی۔