لاہور: قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے پہلے ٹی ٹوینٹی میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے پہلے میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو باآسانی 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی، 142 رنز کا ہدف قومی ٹیم نے 3 گیندوں قبل 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
طویل عرصے بعد قومی ٹیم میں واپس آنے والے شعیب ملک نے 58 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، اوپنر احسن علی نے 36 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
کپتان بابر اعظم بغیر کوئی رن بنائے شفیع الاسلام کی گیند پر لٹن داس کو کیچ دے بیٹھے، محمد حفیظ 17 رنز بنا کر مستفیض الرحمان کا نشانہ بنے، افتخار احمد نے 16 رنز کی اننگز کھیلی۔
Player of the match, @realshoaibmalik 👏 #PAKvBAN pic.twitter.com/9O4YaEN2rY
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) January 24, 2020
بنگلہ دیش کی جانب سے شفیع الاسلام نے دو، مستفیض الرحمان اور امین الاسلام نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 141 رنز بنائے تھے اور قومی ٹیم کو جیت کے لیے 142 رنز کا ہدف دیا تھا۔
بنگلہ دیش کی ٹیم پاکستان کے دورے پر ہے اور پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان 3 ٹی 20 میچز کی سیریز لاہور میں کھیلی جارہی ہے۔ پہلے ٹی 20 میں بنگلہ دیش نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
ٹاس کے بعد بنگلہ دیشی کپتان محمود اللہ کا کہنا تھا کہ وکٹ اچھی ہے، بڑا ہدف دینے کی کوشش کریں گے۔ بی پی ایل کی بدولت ہماری ٹیم پراعتماد ہے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ٹاس جیتنے پر ہم بھی بیٹنگ کرتے، آج کے میچ میں حارث روؤف اور احسان علی ڈیبیو کریں گے۔
پہلی اننگز میں بنگلہ دیش نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 141 رنز بنائے، محمد نعیم 43 اور تمیم اقبال 39 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
شاہین آفریدی، حارث روؤف اور شاداب خان نے 1، 1 وکٹ لی، حارث روؤف نے بنگلہ دیش کے خلاف انٹرنیشنل کیریئر کی پہلی وکٹ حاصل کی۔
پہلے ٹی 20 کے لیے پاکستانی اسکواڈ میں کپتان بابر اعظم، احسن علی، محمد حفیظ، شعیب ملک، افتخار احمد، عماد وسیم، محمد رضوان، شاداب خان، حارث روؤف، شاہین آفریدی اور محمد حسنین شامل ہیں۔
بنگلہ دیشی ٹیم میں کپتان محمود اللہ، تمیم اقبال، محمد نعیم، عفیف حسین، لٹن داس، سومیا سرکار، محمد مٹھن، امین الاسلام، شفیع الاسلام، مستفیض الرحمٰن اور الامین حسین شامل ہیں۔