سڈنی : آسٹریلیا کو پاکستان کے خلاف مسلسل چھٹی سیریز جیتنے کے لئے صرف ایک فتح درکار ہے۔ سڈنی میں بھی آسٹریلیا کا پلڑا بھاری ہے۔ پاکستان دو ہزار دو کے بعد سے آسٹریلیا کے خلاف کوئی سیریز نہیں جیتا۔
تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کو پاکستان کے ساتھ سیریز میں جیت کی ڈبل ہیٹ ٹرک کرنے کے لئے صرف ایک فتح درکار ہے۔ سڈنی کے میدان میں بھی اب تک آسٹریلیا کو ہی برتری حاصل ہے۔
اب تک کھیلے گئے چودہ میچز میں کینگروز نے دس میں کامیابی حاصل کی۔ پاکستان نے 2002 میں آخری بارسیریز جیتی تھی، پاکستان انیس سو ستانوے سے آسٹریلیا کے خلاف سڈنی میں کوئی میچ نہیں جیتا۔
مزید پڑھیں : سڈنی : پاکستان اورآسٹریلیا کے درمیان چوتھا ون ڈے آج ہوگا
سال دوہزار چار، دوہزار نو، دوہزار دس، دوہزار بارہ اور دوہزار چودہ میں بھی پاکستان کوئی میچ جیتنے میں ناکام رہا۔ پندرہ سال سے شاہین جیت کے منتظر ہیں اور اس بار بھی پاکستانی ٹیم مشکلات کا شکار ہے۔
تازہ ترین صورت حال میں آسٹریلیا کو ہوم سیریز میں دو ایک کی برتری حاصل ہے۔ پاکستان کو تاریخ بدلنے کے لئے آئندہ کے دونوں میچز جیتنا ہوں گے۔