میلبورن : آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کیلئے بارہ رکنی ٹیم برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جبکہ قومی ٹیم دوسرا ٹیسٹ کھیلنے کے لئے برسبین سے میلبرن پہنچ گئی ہے۔ آسٹریلیا کی برسبین ٹیسٹ والی ٹیم ہی میلبورن میں کھیلے گی۔
تفصیلات کے مطابق برسبین میں کینگروز نے میچ اور شاہینوں نے دل جیت لیے۔ اسد شفیق کی ریکارڈ ساز اننگز نے میزبان ٹیم کے ہوش اڑا دیئے۔ ٹیم پاکستان کرکٹ دیوانوں کے دل جیتنے کے بعد میلبورن پہنچ گئی۔
قومی کھلاڑی ٹیسٹ میچ سے قبل میلبورن کرکٹ گراﺅنڈ میں پریکٹس سیشنز میں حصہ لیں گے اور برسبین ٹیسٹ میں ہار کا بدلہ لینے کا عزم لے کر میدان میں اتریں گے۔
کرکٹ آسٹریلیا نے اسکواڈ میں کوئی تبدیلی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ آسٹریلوی مڈل آرڈر بیٹسمین نک میڈینسن کو مایوس کن پرفارمنس کے باوجود ایک اور لائف لائن دے دی گئی ہے۔
آسٹریلوی کپتان اسٹیون اسمتھ کا کہنا ہے کہ دوسرے میچ میں فاسٹ بولرز کی کارکردگی کو مانیٹر کریں گے۔ کھلاڑیوں پرزیادہ دباؤ نہیں ڈالنا چاہتے۔ شان مارش کو انجری کے باعث دوسرے ٹیسٹ کیلئے زیر غور نہیں لایا گیا۔
شیفلڈ شیلڈ میں نمایاں وکٹیں لینے والے چیڈ سئیرز کے ڈیبیو کا امکان ہے۔ آسٹریلیا کو سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔
دنیا بھر میں کرکٹ ماہرین اور شائقین نے برسبین ٹیسٹ کو رواں سال کا سب سے زبردست ٹیسٹ میچ قرار دیا ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ چھبیس دسمبر سے میلبورن میں کھیلا جائے گا۔