پاک بنگلادیش ٹی ٹوئنٹی سیریز آج سے لاہورمیں شروع ہوگی، میچ سے قبل دونوں ٹیموں نے تیاریاں مکمل کرلیں ہیں۔ تینوں میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔
اس فارمیٹ میں دونوں ٹیمیں 37 بار ایک دوسرے کا سامنا کرچکی ہیں، پاکستان نے 32 میچز میں فتح حاصل کی جبکہ بنگلا دیش نے 5 میچز جیتے۔
قومی ٹیم ہوم گراؤنڈ پر جیتنے کے لئے پرعزم ہے، سیریزکی ٹرافی کی رونمائی بھی ہوچکی ہے، تمام میچ اے اسپورٹس پر براہ راست دکھائے جائیں گے۔
پاکستانی اسکواڈ میں اوپنر صائم ایوب اور آل راؤنڈر عباس آفریدی کی انٹری ہوئی ہے، فخر زمان، حسن نواز اور صاحبزادہ فرحان بھی ٹاپ آرڈر میں شامل ہیں، کپتان سلمان علی آغا کا کہنا ہے کہ حسن نواز نے پی ایس ایل میں نمبر 4 پر کھیل کر اچھا پرفارم کیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے گزشتہ ہفتے بنگلادیش کے خلاف تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا تھا جس میں اسپنر سفیان مقیم کو نظر انداز کرنے پر سابق کرکٹرز نے سوال اٹھایا تھا۔
سفیان مقیم نے پی ایس ایل 10 میں پشاور زلمی کی نمائندگی کی اور وہ صرف تین میچ کھیل سکے جس میں انہوں نے 9.72 کی مایوس کن اکانومی ریٹ پر صرف ایک وکٹ حاصل کی۔
اسپنر نے گزشتہ ماہ نیوزی لینڈ کے خلاف وائٹ بال سیریز پر قومی ٹیم کے لیے متاثر کن پرفارمنس پیش کی جہاں انہوں نے تین میچوں میں پانچ وکٹیں حاصل کیں۔
تاہم سلمان علی آغا نے کہا کہ سفیان مقیم مختصر فارمیٹس کے لیے ان کی منصوبہ بندی میں شامل ہیں انہیں یہاں کی وکٹوں کے پیش نظر نظر انداز کیا گیا جو ان کے مطابق فاسٹ بولرز کے لیے زیادہ سازگار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں ذاتی طور پر سفیان کو بہت پسند کرتا ہوں اور آنے والی سیریز میں وہ ہمارے مختصر فارمیٹس کے اسکواڈ میں شامل ہوں گے۔ میرے خیال میں سفیان وائٹ بال فارمیٹ میں اہم کردار ادا کرے گا، اور وہ مستقبل میں پاکستان کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرے گا۔
بنگلادیش کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز، پاکستانی اسکواڈ میں اہم تبدیلی
انہوں نے مزید کہا کہ اگر ہم کنڈیشنز کو دیکھیں تو یہاں ’لاہور‘ کی پچز پر اسپنرز کو زیادہ کامیابی نہیں ملی اس لیے ان کی جگہ ایک فاسٹ بولر کو شامل کیا گیا ہے۔