پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا تیسرا اور فیصلہ کن میچ آج سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، دونوں ٹیموں کی جانب سے تین تین اسپنرز کو شامل کیا گیا ہے۔
تیسرے اور آخری ٹیسٹ کے لئے دونوں ٹیموں نے تیاریاں مکمل کرلی ہیں، دونوں ٹیموں نے گزشتہ روز راولپنڈی اسٹیڈیم میں پریکٹس کی۔
انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس اور پاکستان کے کوچ جیسن گلیسپی، کپتان شان مسعود نے پچ کا معائنہ کیا۔پچ کو 5دن بڑے پنکھوں اور 2دن ہیٹر سے خشک کیا گیا۔
پاکستان کے لئے بیٹنگ آرڈر میں کپتان شان مسعود، عبداللّٰہ شفیق، صائم ایوب، کامران غلام، سعود شکیل اور محمد رضوان شامل ہیں۔
بولنگ میں ساجد خان، نعمان علی اور زاہد محمود اصل ہتھیار ہوں گے جبکہ عامر جمال اور سلمان علی آغا بیٹنگ اور بولنگ کی دہری ذمہ داری نبھائیں گے۔
انگلش ٹیم میں بھی پچ کو مد نظر رکھتے ہوئے تین اسپنرز جیک لیچ، شعیب بشیر اور ریحان احمد کو فائنل الیون میں شامل کیا گیا ہے۔
گزشتہ روز انگلینڈ کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس کا کہنا تھا کہ راولپنڈی کی پچ پہلے چند دن اچھی ہو گی جبکہ ہم دو فاسٹ بولرز کے ساتھ راولپنڈی ٹیسٹ میں اتر رہے ہیں۔
انگلش کپتان نے غیر ملکی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ملتان ٹیسٹ میچ میں بولنگ کروانے کے بعد اچھا محسوس کر رہا ہوں، میں نے بولنگ شروع کر دی ہے، ٹریننگ میں 2 اسپیلز کروائے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ پہلے بیٹنگ کرنے سے ہمیں سمجھنے میں آسانی ہو گی کہ پاکستانی اسپنرز کس طرح بولنگ کریں گے۔ میں اُمید کرتا ہوں کہ ملتان ٹیسٹ کی نسبت راولپنڈی ٹیسٹ میں بہتر بولنگ کروا پاؤں گا۔
زمبابوے نے تاریخ کا سب سے بڑا اسکور بنا دیا
واضح رہے کہ ملتان میں ٹیسٹ سیریز کا کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ انگلینڈ نے جیتا تھا جبکہ دوسرا ٹیسٹ پاکستان نے جیتا تھا۔