اتوار, نومبر 17, 2024
اشتہار

انگلینڈ نے پاکستان کو 3 وکٹوں سے ہرا کر ون ڈے سیریز اپنے نام کر لی

اشتہار

حیرت انگیز

نوٹنگھم : چوتھے ون ڈے میں بھی انگلینڈ نے پاکستان کو 3 وکٹوں سے ہرا کر ون ڈے سیریز جیت لی، میزبان ٹیم نے341رنز کا ہدف آخری اوور میں سات وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور انگلینڈ کے مابین کھیلے گئے ون ڈے سیریز کے چوتھے میں بھی انگلینڈ نے پاکستان کو سخت مقابلے کے بعد تین وکٹوں سے شکست دے دی۔

انگلینڈ نے مطلوبہ ہدف سات وکٹوں کے نقصان پر آخری اوور میں حاصل کرلیا، بین اسٹوکس نے ناقابل شکست71رنز بنائے جبکہ جیسن رائے نے114،جیمزونس43 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

- Advertisement -

بین سٹوکس نے آخری لمحات میں انتہائی ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا، انگلینڈ نے اس فتح کے بعد سیریز میں 0۔3 کی ناقابل شکست برتری حاصل کرلی۔

قبل ازیں چوتھے ون ڈے میچ میں پاکستان نے بابر اعظم کی شاندار سنچری کی بدولت انگلینڈ کو جیت کے لیے 341 رنز کا ہدف دے دیا۔

 ٹرینٹ برج میں کھیلے جانے والے چوتھے ون ڈے میچ میں پاکستان نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 340 رنز بنائے اور انگلینڈ کو جیت کے لیے 341 رنز کا ہدف  دیا تھا۔

پاکستان کی جانب سے بابر اعظم نے شاندار سنچری اسکور کی جبکہ محمد حفیظ اور فخر زمان نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔

قومی ٹیم نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو امام الحق 3 رنز بنا کر کہنی پر مارک ووڈ کی گیند لگنے کے سبب ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے تاہم ایکسرے رپورٹ کلیئر آنے کے بعد وہ دوبارہ بیٹنگ کے لیے میدان میں آئے اور 6 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی پہلی وکٹ 116 رنز پر گری جب فخر زمان 57 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، بابر اعظم نے شاندار 115 رنز کی اننگز کھیلی ان کی اننگز میں 1 چھکا اور 13 چوکے شامل تھے۔

محمد حفیظ 55 گیندوں پر 59 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، شعیب ملک 41 رنز بنا کر کٹ شاٹ کھیلنے کی کوشش میں ہٹ وکٹ آؤٹ ہوئے، آصف علی 17 رنز بناسکے۔

آل راؤنڈر عماد وسیم کو 12 رنز پر ٹام کرن نے بولڈ کیا، حسن علی ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے، کپتان سرفراز احمد 21 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

انگلینڈ کی جانب سے ٹام کُرن نے چار کھلاڑیں کو پویلین کی راہ دکھائی، مارک ووڈ نے دو جبکہ جوفرا آرکر نے ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں انگلینڈ اور پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز کا چوتھا میچ آج ناٹنگھم میں کھیلا جارہا ہے جس میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا جبکہ دوسرے میچ میں دونوں ٹیموں کے درمیان زبردست مقابلہ دیکھنے میں آیا تاہم انگلینڈ نے 12 رنز سے پاکستان کو شکست دی۔

تیسرا میچ ایک روز قبل کھیلا گیا، پاکستان نے 358رنز کا ہدف دیا جسے میزبان ٹیم نے 45 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کرلیا۔

امام الحق کی 151 رنز کی اننگز بھی کام نہ آئی۔ انگلینڈ کے جوہنی بئیر سٹو نے دھواں دھار سنچری اسکور کی جبکہ جیسن رائے نے 76رنز کی شاندار اننگز کھیلی،انگلینڈ نے پاکستان کو باآسانی 6 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل کرلی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں