ورلڈکپ ٹی ٹوئنٹی کے پاک بھارت ہائی وولٹیج ٹاکرے سے قبل نیویارک میں بادل بھی برسنے کو تیار ہیں۔
روایتی حریفوں کے میدان میں اترنے کے ساتھ ہی بادلوں نے بھی اپنے ڈیرے ڈال لیے ہیں۔ نساؤ کرکٹ اسٹیڈیم اور اطراف کےعلاقوں میں موسم ابرآلود ہے۔
پاک بھارت میچ سے قبل نیویارک میں 30 سے 50 فیصد بارش کا امکان ہے۔ بارش کی وجہ سے میچ متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
ایسی صورتحال میں ٹاس نے مزید اہمیت اختیار کر لی ہے۔
غیر ملکی موسم کی ویب سائٹ accuweather.com کے مطابق آج میچ کے دوران بارش کے امکانات ہیں۔
روایتی حریفوں کے درمیان یہ مقابلہ وہاں کے مقامی وقت کے مطابق اتوار 9 جون یعنی آج صبح ساڑھے دس بجے اور پاکستانی وقت کے مطابق (شام ساڑھے سات بجے) شروع ہوگا۔
اگرچہ تیز بارش کا امکان ظاہر نہیں کیا گیا تاہم بارش اگر میچ کو واش آؤٹ کرتی ہے تو دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ ملے گا۔
پاکستان اور بھارت نے اب تک رواں ٹورنامنٹ میں ایک ایک میچ کھیلا ہے۔ بھارت نے آئرلینڈ کو شکست دی جب کہ پاکستان کو سب سے بڑا دھچکا امریکا سے شکست سے لگا ہے۔