سوئنگ کے سلطان سابق کھلاڑی وسیم اکرم نے ایشیا کپ میں آج ہونے والے پاکستان اور بھارت کے میچ سے قبل شائقین کرکٹ کے لیے اہم پیغام جاری کیا ہے۔
پاکستان کی میزبانی میں ہونے والے اب تک کے سب سے بڑے ٹاکرے میں سری لنکا کے پالی کیلے گراؤنڈ میں پاک بھارت کا میچ جاری تھا جسے بارش کے باعث روک دیا گیا ہے۔
میچ سے سوئنگ کے سلطان سابق کھلاڑی وسیم اکرم نے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ہے، ایکس پر جاری ویڈیو میں انہوں نے میچ سے قبل کینڈی کے موسم کی صورتحال سے شائقین کو آگاہ کیا۔
وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ جو لوگ سوشل میڈیا پر کینڈی کے موسم کا پوچھ رہے ہیں اُن کو بتاتا چلوں کے یہاں ہلکی ہلکی بارش ہو رہی ہے یہ میرے ہوٹل کے مناظر ہیں۔
وسیم اکرم نے کہا یہاں سے گراؤنڈ ایک گھنٹہ دور ہے، میرے عقب میں بادل چھٹتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں اور امید ہے کہ میچ کے دوران بارش نہیں ہوگی۔
ویڈیو کے آخر میں وسیم اکرم نے جذباتی کرکٹ فینز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یاد رکھنا یہ صرف ایک میچ ہے، کسی ایک ٹیم نے جیتنا اور ہارنا ہے، اپنی ٹیم کو سپورٹ کریں اور کھیل کو انجوائے کریں۔