چیمپئنز ٹرافی 2025 میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کل بروز اتوار 23 فروری کو دبئی میں ٹکرائیں گے جس کیلیے شائقین میں کافی جوش و خرش پایا جاتا ہے۔
سابق بھارتی کرکٹر پیوش چاولہ نے انڈین میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں بھارتی ٹیم کیلیے جس پاکستانی کھلاڑی کو خطرہ قرار دیا ہے وہ مڈل آرڈر بلے باز سلمان علی آغا ہیں جنہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف افتتاحی میچ میں شاندار کامیابی کا مظاہرہ کیا۔
پیوش چاولہ نے سلمان علی آغا کی جارحانہ بلے بازی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ٹیم کی طرف سے سب سے بڑا خطرہ سلمان علی آغا ہیں کیونکہ وہ ایسے کھلاڑی ہیں جو کسی بھی وقت کھیل کا رخ بدل سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سہ فریقی سیریز: سلمان علی آغا بہترین کھلاڑی قرار
پاکستانی مڈل آرڈر بلے باز نے نیوزی لینڈ کے خلف میچ میں مشکل حالات کے باوجود 28 گیندوں پر 42 رنز بنائے تھے۔
پیوش چاولہ نے کہا کہ جب پاکستان جنوبی افریقا کے خلاف 350 رنز کا تعاقب کر رہا تھا تو بلے باز جس طرح کی سنچری بنائی وہ قابل ذکر ہے۔
ساتھ ہی سابق کرکٹر نے یہ بھی کہا کہ فارم کی بنیاد پر بھارت کو برتری حاصل ہے کیونکہ آئی سی سی ٹورنامنٹس اور خاص طور پر ون ڈے فارمیٹ میں انڈیا نے پاکستان کے خلاف اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
یاد رہے کہ بھارت اور پاکستان چیمپئنز ٹرافی میں پانچ بار آمنے سامنے آچکے ہیں، پاکستان نے تین میچز میں کامیابی حاصل جبکہ بھارت دو میچز جیتا ہے۔
پاکستان نے چیمپئنز ٹرافی 2017 کے فائنل میں سرفراز احمد کی قیادت میں انڈیا کو 180 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔
مجموعی طور پر بھارت اور پاکستان نے 135 ون ڈے کھیلے ہیں، انڈیا نے 57 میچز جیتے ہیں جبکہ پاکستان نے 73 میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے، پانچ میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوئے۔