کراچی: معروف پاکستانی گلوکار و اداکار علی ظفر نے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے میچ میں پاکستان ٹیم کو بھارت سے شکست پر اپنی رائے کا اظہار کر دیا۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’ہر لمحہ پُرجوش‘ میں گفتگو کرتے ہوئے علی ظفر نے کہا کہ ہم کرکٹ کو جذبیات کے ساتھ دیکھتے ہیں لیکن ہم کرکٹ کو غلطیوں کو ٹھیک کرنے کی سوچ سے نہیں دیکھتے۔
علی ظفر نے کہا کہ ہمیں دیکھنا ہوگا کہ کرکٹ میں تسلسل کیسے لانا ہے اور یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ کون فیصلہ ساز ہیں اور کیسے فیصلے کر رہے ہیں۔
گلوکار و اداکار نے کہا کہ آج کے میچ میں کھلاڑیوں میں جذبہ نظر نہیں آ رہا تھا، ہمارے کھلاڑیوں کو دیکھ کر لگا کہ وہ شکست سے خوفزدہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم میں قائدانہ کردار کی کمی نظر آ رہی ہے، کرکٹ کا نظام بنانا پڑے گا تاکہ نچلی سطح سے کھلاڑی آئیں، ہماری کرکٹ ابھی 80، 90 کی دہائی میں جی رہی ہے، اپنی انا سے ہٹ کر غلطیوں کو ٹھیک کرنے کی سوچ رکھنی ہوگی۔
’پاکستان اور بھارت کے میچ میں بہت اپ سیٹ ہوں‘
اس سے قبل اداکار فیصل قریشی نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 کیلیے جب اسکواڈ بنا تب ہی سب کو اس پر اعتراض تھا، ہمارے پاس اچھے لیگ اسپنرز ہیں لیکن ٹیم میں شامل نہیں۔
فیصل قریشی نے کہا کہ بیٹنگ میں بھی سمجھ نہیں آئی کہ کیسے لے کر چل رہے ہیں، پاکستان اور بھارت کے میچ میں بہت اپ سیٹ ہوں، محمد رضوان اور بابر اعظم بہترین اوپنر تھے سمجھ نہیں آئی کیوں تجربہ کیا گیا؟