ڈبلن : پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان دوسرا اور آخری ون ڈے میچ آج ڈبلن میں کھیلا جائےگا۔ شاہینوں نے کمرکس لی۔ پاکستان کے لئے ہرمیچ ڈو اینڈ ڈائی بن گیا۔
ورلڈ کپ دو ہزار انیس میں براہ راست کوالیفائی کرنے کیلئے پاکستان کو آئرلینڈ اورانگلینڈ کیخلاف ہر میچ جیتنا ہوگا۔ ناکامی کی صورت میں میگا ایونٹ میں شرکت کے لالے پڑجائیں گے۔
آئرلینڈ کو پہلے ون ڈے میں ہراکر پاکستان پہلی رکاوٹ دور کرچکا ہے۔ اب رینکنگ بہتر بنانے کا ایک اور موقع ہے انگلینڈ سے ٹیسٹ سیریز برابر اور آئرلینڈ کو شکست دینے کے بعد شاہینوں کے حوصلے بلند ہیں لیکن نویں پوزیشن سے بہتری کا سفر آسان نہیں۔
پاکستان 87 پوائنٹس لے کر نویں نمبر پر موجود ہے جب کہ ویسٹ انڈیز7 پوائنٹس کی بہتری کے ساتھ 94 پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں نمبر پر فائز ہے، پاکستانی ٹیم اگر آئرلینڈ اور انگلینڈ کیخلاف تمام میچز جیتنے میں کامیاب رہی تو وہ ویسٹ انڈیز کو پیچھے چھوڑ کر آٹھویں پوزیشن حاصل کرسکتی ہے۔
آئرلینڈ کیخلاف دونوں میچز جیت کر پاکستان اپنے 87 رینکنگ پوائنٹس برقرار رکھ پائے گا، دوسری کسی بھی صورت میں گرین شرٹس کو خسارہ ہوگا۔
ڈبلن میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، خدشہ ہے کہ بارش میچ کا مزہ کرکرا کرسکتی ہے۔ دوسرا ون ڈے پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر پونے تین بجے شروع ہوگا۔