آکلینڈ : پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز کا تیسرا اور آخری ون ڈے آج رات آکلینڈ میں کھیلا جائے گا۔۔ آل راؤنڈر شعیب ملک فٹ ہوگئے اب وہ میچ کے لئے دستیاب ہوں گے۔
نیپئر کا میچ منسوخ ہونے کے سبب پاکستان نے سیریز جیتنے کا آپشن تو گنوادیا لیکن بچانے کا اب بھی باقی ہے۔ اب سیریز ڈرا ہوگی یا نیوزی لینڈ جیتے گا۔ پاکستان کے لئے صورتحال ڈو اینڈ ڈائی ہے۔
نیپئر کی طرح آکلینڈ میں بھی بادلوں کے ڈیرے ہیں۔ میچ بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ اہم معرکے کے لئے ٹیم میں ایک سے دو تبدیلوں کا امکان ہے۔
صہیب مقصود کی فارم سلیکٹرز کے لئے تشویش کا باعث بنی ہوئی ہے۔ ادھر آل راؤنڈر شعیب ملک فٹ ہوگئے ہیں اور وہ میچ کے لئے ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔
دوسری جانب نیوزی لینڈ کے کپتان برینڈن میککلم کی ٹیم میں واپسی ہوگی۔ ڈینجر مین مارٹن گپتل کی شرکت فٹنس سے مشروط ہوگی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات تین بجے شروع ہوگا۔