پیر, جنوری 13, 2025
اشتہار

پاکستان کو نیوزی لینڈ کی برتری ختم کرنے کیلئے 354رنز درکار

اشتہار

حیرت انگیز

کرائسٹ چرچ: نیوزی لینڈ نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کے خلاف رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا ہے، پاکستان کو نیوزی لینڈ کی برتری ختم کرنے کیلئے354رنزدرکار ہیں جبکہ اس کی نو وکٹیں باقی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کرائسٹ چرچ ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ نے اپنی پہلی اننگز 659 رنز 6کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کردی تھی، پاکستان نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز بھ مایوس کن انداز میں کیا، اوپنر شان مسعود مسلسل دوسری اننگز میں بھی کھاتا نہ کھول سکے، تیسرے دن کھیل کے اختتام پر پاکستان نے ایک کھلاڑی کے نقصان پر 8 رنز بنائے، عابد علی 7 اور نائٹ واچ مین محمد عباس 1 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے کیل جیمیسن نے شان مسعود کو آؤٹ کیا۔

- Advertisement -

اس سے قبل پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز نیوزی لینڈ نے چھ وکٹوں کے نقصان پر 659 رنز بناکر اپنی پہلی اننگز ڈیکلیئر کردی تھی، اسی کے ساتھ نیوزی لینڈ کو پہلی اننگز میں 362رنز کی برتری حاصل ہوئی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے پہلی اننگز میں ایک ڈبل سینچری اور دو سینچریاں اسکور کیں گئیں، کیوی کپتان کین ولیمسن نے پاکستان کے خلاف شاندار ڈبل سینچری اسکور کی، ہینری نکلس 157رنزبناکر آؤٹ ہوئے دونوں کھلاڑیوں کے درمیان چوتھی وکٹ پر 369 سے زائد رنز کی ریکارڈ پارٹنرشپ بنی، بعد ازاں ڈیرل مچل نے برق رفتاری سے رنز اسکور کئے اور انہوں نے بھی پاکستان کے خلاف سینچری اسکور کرتے ہوئے 102 رنز بنائے تھے۔پاکستان کی جانب سے محمد عباس، فہیم اشرف اور شاہین آفریدی نے 2، دو وکٹیں حاصل کیں،تیسرے دن کھیل کے دوران بارش نے بھی میچ کو روکے رکھا۔

اس سےقبل دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کے کھیل میں پاکستانی ٹیم کی بیٹنگ لائن ایک مرتبہ پھر ناکام رہی اور پوری ٹیم 297 کے مجموعے پر آؤٹ ہوگئی تھی، پاکستان کی جانب سے اظہر علی نے 93، کپتان محمد رضوان نے 61، فہیم اشرف نے 48 اور ڈیبیو کرنے والے کھلاڑی ظفر گوہر نے 34 رنز اسکور کیے تھے۔

واضح رہے کہ میزبان ٹیم کو ٹیسٹ سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے جس کے باعث نیوزی لینڈ تاریخ میں پہلی مرتبہ ٹیسٹ ریکنگ میں پہلی پوزیشن پر آیا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں