سنچورین: پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان جاری ون ڈے سیریز کے فیصلہ کن میچ میں قومی ٹیم میں دو تبدیلیوں کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم میں انجرڈ شاداب خان کی جگہ لیگ اسپنر عثمان قادر اور آصف علی کی جگہ حیدر علی کو اسکواڈ میں شامل کیا جاسکتا ہے۔
واضح رہے کہ آصف علی جنوبی افریقہ کے خلاف دونوں ون ڈے میچز میں بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہے تھے۔
تیسرے ون ڈے میچ میں وکٹ کیپر سرفراز احمد کو بھی کھلانے کے آپشن پر بات ہوگی لیکن سرفراز کی شمولیت کے امکانات کم ہیں۔
ذرائع کے مطابق ٹیم مینجمنٹ ون ڈے سیریز میں فاسٹ بولرز کو تسلسل کے ساتھ موقع دینے کی خواہش مند ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ انجرڈ شاداب خان کی وطن واپسی کے انتظامات کیے جارہے ہیں جبکہ فخر زمان کو ٹی ٹوینٹی سیریز کے لیے روکے جانے کا امکان ہے۔
دوسری جانب سنچورین میں کل کھیلے جانے والا تیسرا ون ڈے بارش سے متاثر ہوسکتا ہے، محکمہ موسمیات نے آج اور کل بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
تیسرے ون ڈے میچ میں جنوبی افریقی ٹیم اہم کھلاڑیوں کے بغیر میدان میں اترے گی، نجی لیگ میں شرکت کے باعث ربادا، نورکیا، ڈیوڈ ملر، ڈی کوک اور انگیڈی میزبان ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔