جنوبی افریقی ویمنز ٹیم نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان ویمنز ٹیم کو 8 وکٹ سے ہرا دیا اور 3 میچز کی سیریز دو ایک سے اپنے نام کرلی۔
تفصیلات کے مطابق ملتان میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان ویمنز نے پہلے کھیلتے ہوئے 5 وکٹ پر 153 رنز بنائے تھے، قومی ٹیم کی جانب سے سدرہ امین 37، منیبہ علی 33 اور فاطمہ ثنا 27 رنز کے ساتھ نمایاں رہی تھیں۔
جواب میں جنوبی افریقی ویمنز ٹیم نے 154 رنز کا ہدف 19ویں اوور میں دو وکٹ پر پورا کیا، جنوبی افریقہ کی جانب سے کپتان وولورڈٹ نے 45، انیکے نے 46، انیری ڈرکسین نے 44 رنز بنائے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ویمنز ٹیمیں آج خصوصی طیارے سے لاہور پہنچیں گی جس کے بعد جنوبی افریقی ویمنز کرکٹ ٹیم کل دبئی روانہ ہوگی۔
جبکہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے پاکستان ویمنز ٹیم پیر کو دبئی روانہ ہوگی۔