لاہور : پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹی ٹوینٹی میچ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں آج کھیلا جائے گا، میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے چھ بجے شروع ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق پاک سری لنکا ٹیموں کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا دوسرا میچ آج لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، تیسرا اور آخری ٹی ٹوینٹی میچ 9 اکتوبر کو ہوگا۔
سری لنکا کو سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے، میچ کا ٹاس شام 6 بجے ہوگا اور میچ کا آغاز ساڑھے 6 بجے ہوگا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل دونوں ٹیموں کے مابین ون ڈے سیریز کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلی گئی تھی، پاکستان نے سری لنکا کو ون ڈے سیریز میں 2-0 سے شکست دی تھی۔
ون ڈے سیریز کا پہلا میچ بارش کے سبب منسوخ کردیا گیا تھا۔ یاد رہے کہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی ٹائٹل جیتنے والی سری لنکن ٹیم اس وقت رینکنگ میں آٹھویں نمبر پر ہے جبکہ پاکستان ٹیم کی اب بھی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن برقرار ہے۔