دبئی : پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دبئی میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ میچ میں تیسرے روز کے کھیل کےاختتام تک ویسٹ انڈیز نے چھ وکٹ پر تین سو پندرہ رنز بنالئے۔ پاکستان کی برتری دو سو چونسٹھ رنز کی رہ گئی۔
تفصیلات کے مطابق دبئی میں جاری ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ میں پاکستانی بولرز کا امتحان جاری ہے، تیسرے روز قومی بولرز صرف پانچ وکٹیں ہی لےسکے۔
ویسٹ انڈیز نے پہلی نامکمل اننگز ایک کھلاڑی آؤٹ انہتر رنز پرشروع کی تو یاسرشاہ نے جلد پاکستان کو کامیابی دلوادی۔ ابتدائی نقصان کے بعد ویسٹ انڈین بلے باز جم گئے۔ مارلن سیمولز اورڈیرن براؤؤ نے ایک سو تیرہ رنزجوڑے۔ سیموئلز چہھتر رنزپر سہیل خان کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
چوتھی وکٹ کیلئے پاکستان کو تئیس اوورز کا انتظار کرناپڑا۔ وہاب ریاض نے پہلے بلیک ووڈ کو آؤٹ کیا۔ اگلے ہی اوور میں وہاب ریاض کو ایک اور وکٹ مل گئی۔ محمد نواز نے ڈیرن براؤو کو ستاسی رنز پر آؤٹ کر کے ٹیسٹ کیرئیر میں پہلی وکٹ حاصل کی۔
کھیل کےاختتام تک ویسٹ انڈیز نے چھ وکٹ پرتین سو پندرہ رنز بنالئے۔ ویسٹ انڈیز کو پاکستان کی برتری ختم کرنے کیلئے مزید دوسو چونسٹھ رنز درکار ہیں۔
قبل ازیں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلی اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 579 رنز بنائے اور اننگز ڈکلیئر کر دی۔ اظہر علی اور سمیع اسلم نے اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 215 رنز جوڑے۔
دبئی کے کرکٹ اسٹیڈیم میں کسی بھی ٹیم کے اوپنرز کی جانب سے یہ تاریخ کا سب سے بڑا اسکور ہے۔ سمیع اسلم 10 رنز کی کمی کے باعث ٹیسٹ کیرئیر کی اولین سنچری بنانے میں ناکام رہے تاہم اظہر علی کسی کے ہاتھ نہ آئے اور تاریخی میچ میں تاریخ ساز اننگز کھیل ڈالی۔