گیانا: پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے دوسرے ون ڈے میچ میں بابر اعظم کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت سرفراز الیون نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مخالف ٹیم کو جیت کے لیے 283 رنز کا ہدف دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ آج گیانا میں کھیلاجا رہاہے، جس میں ویسٹانڈیز کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کرنے کی دعوت دی ہے، قومی ٹیم میں بولر وہاب ریاض کی جگہ جنیدخان کو شامل کیا گیا ہے۔
پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز احمد شہزاد اور کامران اکمل نے کیا، احمد شہزاد صرف پانچ رنز بنا کر گیبریل کی بول پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ جبکہ کامران اکمل 21رنز بنا کر جوزف کی بال پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
ون ڈاؤن آنے والے بیٹسمین بابر اعظم نے بیٹنگ لائن کو سہارا دیا اور 125 رن کی شاندار اننگز کھیل کر ناٹ آوٹ گئے تاہم نئے آنے والے کھلاڑی محمد حفیظ 32، شعیب ملک 9 اور کپتان سرفراز احمد 26 کے انفرادی اسکور پر پویلین لوٹے۔
نئے آنے والے کھلاڑی عماد وسیم نے بابر اعظم کا ساتھ دیتے ہوئے 43 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے، ویسٹ انڈیز کی جانب سے گیبریل دو وکٹ لے کر نمایاں باؤلر رہے۔
ون ڈے ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ پہلا میچ ہارنے سےکھلاڑی مایوس ہوئے ہیں تاہم گیانا کی وکٹ بیٹنگ کیلئے سازگار ہے، انہوں نے کہا کہ میچ جیت کرسیریزمیں کم بیک کریں گے۔
واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز چھبیس سال سے پاکستان کےخلاف ون ڈے سیریز جیتنے کا خواب دیکھ رہا ہے۔ کالی آندھی تاریخ بنانے اور شاہین تاریخ روکنے میدان میں اتریں گے۔ تین سو رنزکا پہاڑ کھڑا کرنے کےباوجود پاکستان ٹیم کو پہلے میچ میں شکست ہوئی۔
جیسن محمد کی دھواں دھار بیٹنگ نےہاری ہوئی بازی جیت میں بدل دی۔ ویسٹ انڈیز نے تاریخ میں پہلی بارتین سو رنزکا ہدف حاصل کیا۔ وہاب ریاض، عامر اور حسن علی کو آخری اوورز میں خوب مار پڑی۔ پہلا میچ ہارنے کےبعد پاکستان کے پاس آٹھویں پوزیشن بچانا بھی مشکل ہوگیا ہے۔