دبئی : ٹیسٹ کرکٹ میں عالمی نمبر ون رینکنگ حاصل کرنے والی پاکستانی کرکٹ ٹیم پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان آج پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ سے سیریز کا آغاز ہوگا۔
تفصیلات کےمطابق دورہ انگلینڈ مکمل کرنے کے بعد قومی ٹیم کا اگلا ٹاکرا ویسٹ انڈیز سے متحدہ عرب امارات کی سرزمین پر ہوم سیریز کی صورت میں ہوگا۔
3 ٹیسٹ، 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں آج ہونے والے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ سے ہوگا جبکہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے شروع ہوگا۔
قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کپتانی کے حصول کے بعد پہلی مرتبہ مکمل سیریز میں قائدانہ صلاحیتیں دکھائیں گے جبکہ اس سے قبل انہوں نے انگلینڈ کے خلاف واحد ٹی ٹوئنٹی میچ میں اپنا سکہ منوایا تھا۔
ایسی ہی صورت حال ویسٹ انڈیز کے کپتان کارلوس بریتھ ویٹ کے ساتھ ہے جنہیں حال ہی میں قیادت سونپی گئی ہے۔
گرین شرٹس کا اسکواڈ کپتان سرفراز احمد، شرجیل خان، خالد لطیف، عمر اکمل، شعیب ملک، بابراعظم، محمد رضوان، عماد وسیم، حسن علی، محمد عامر، وہاب ریاض، سہیل تنویر، محمد نواز، سعد نسیم اور رومان رئیس پر مشتمل ہے۔
دوسری جانب ویسٹ انڈیز کی قیادت کارلوس بریتھ ویٹ کریں گے جنہیں ایون لیوس، جانسن چارلس، مارلن سیمولز، آندرے فلیچر، کیرون پولارڈ، ڈیوائن براوو، جیروم ٹیلر، سیموئل بدری، سنیل نارائن، رومین پاویل، نیکولس پورن ، جیسن ہولڈر، کیسرک ولیم اور چیڈوک والٹن کی خدمات حاصل ہیں۔