جمعہ, مئی 9, 2025
اشتہار

جمیکا ٹیسٹ : سنسنی خیز مقابلہ، ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو ہرا دیا

اشتہار

حیرت انگیز

جمیکا : ویسٹ انڈیز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو ایک وکٹ سے شکست دے دی، ویسٹ انڈیز نے آخری وکٹ پر168رنز کا ہدف عبور کیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلے جانے والے جمیکا ٹیسٹ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد ویسٹ انڈیز نے  پاکستان کو ایک وکٹ سے شکست دے دی۔

ویسٹ انڈیز کے جیڈن سیلز پلیئر آف دی میچ قرار پائے، انہوں نے مجموعی طور پر میچ میں 8 وکٹیں حاصل کیں۔

ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستان کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 203 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی جس کے ساتھ ہی ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 168 رنز کا ہدف دیا تھا۔

ہدف کے تعاقب میں کالی آندھی کی جانب سے جرمین بلیک وُڈ نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا، انہوں نے 55 رنز بنائے ان کی اننگز میں 10 چوکے شامل تھے۔

ویسٹ انڈیز کے فاسٹ بالر کیماروچ نے بھی اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، انہوں نے اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، وہ 30 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

روسٹن چیز 22، جیسن ہولڈ 16 اور جوشوا ڈی سلو 13 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ نکروم بونر 5، کیرن پاؤل 4 اور کپتان کریگ براتھویٹ 2 رنز بناسکے۔

پاکستان کی طرف سے شاہین شاہ آفریدی نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ حسن علی نے 3 وکٹیں حاصل کیں اور فہیم اشرف نے ویسٹ انڈیز کے دو کھلاڑی شکار کیے۔

قومی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 217 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی، جبکہ دوسری اننگز میں 203 رنز بنائے تھے۔ ویسٹ انڈیز نے اپنی پہلی اننگز میں 253 رنز بنائے تھے جبکہ دوسری اننگز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 168رنز کا ہدف عبور کرکے کامیابی حاصل کرلی۔

 پاکستانی ٹیم دوسری اننگز میں 203 رنز پر آؤٹ ہوئی تھی۔ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ویسٹ انڈیز کو ایک صفر کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 20 اگست سے کھیلا جائے گا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں