چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے زمبابوے کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتنے پر قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد پیش کی ہے۔
اپنے بیان میں محسن نقوی نے کہا کہ دوسرے ٹی 20 میں کھلاڑیوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر کے سیریز اپنے نام کی، سفیان مقیم نے شاندار بالنگ کر کے آج فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
باصلاحیت نوجوان پلیئرز کی شمولیت پر ان کا کہنا تھا کہ نئے کھلاڑیوں نے ون ڈے کے بعد ٹی 20سیریز میں بھی بہترین کارکردگی دکھائی، ٹیم میں یونٹی نظر آئی اور کھلاڑیوں نے ٹیم ورک کے ذریعے جیت اپنے نام کی۔
بلاوائیو میں کھیلے گئے دوسرے ٹی 20 میچ میں پاکستان نے زمبابوے کی جانب سے دیا جانے والا 58 رنز کا ہدف 5.3 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے حاصل کرلیا۔
صائم ایوب نے 18 گیندوں پر 36 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی، ان کی اننگ میں 6 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا، عمیر بن یوسف بھی 15 گیندوں پر 22 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہوئے۔
زمبابوے کا کوئی بھی بولر پاکستانی بیٹرز کی وکٹ حاصل نہ کرسکا۔
اس سے قبل زمبابوے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا اور پوری ٹیم 12.4 اوورز میں 57 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی اور پاکستان کو جیت کے لیے 58 رنز کا ہدف ملا تھا۔
زمبابوے کے 9 کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہوسکے تھے، برائن بینیٹ 21 اور تادیوانشے مارومانی 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تھے۔
کپتان سکندر رضا کو 3 رنز پر عباس آفریدی نے بولڈ کیا تھا، ریان بٹ ایک رن بنا کر سفیان مقیم کا نشانہ بنے، ویلنگٹن مساکادزا 3 رنز بناسکے تھے۔
پاکستان کی جانب سے سفیان میم نے پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، عباس آفریدی نے دو وکٹیں حاصل کیں جب کہ سلمان علی آغا، حارث رؤف اور ابرار احمد ایک، ایک وکٹ حاصل کی.