لاہور: ویمنز ورلڈ کپ میں مایوس ترین کارکردگی کے بعدپاکستان ویمن کرکٹ ٹیم وطن واپس آگئی، ٹیم کی ایک کھلاڑی موٹر بائیک پر اپنے گھر گئی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم ویمنز ورلڈ کپ میں تمام میچز ہارنے کے بعد وطن واپس پہنچ گئی ہے، ٹیم کے انتظارمیں ایئرپورٹ پر پی سی بی آفیشل پروٹوکول موجود تھا۔
کچھ ایسی اطلاعات بھی گردش میں تھی کہ بورڈ کی جانب سے ٹرانسپورٹ کا بھی کوئی انتظام نہیں کیا گیا تھا، خواتین کھلاڑی اپنی مدد آپ کے تحت اپنے گھروں کو روانہ ہوئیں اوربھارت کے خلاف چار وکٹیں لینے والی نشرح سندھو اپنے والد کے ساتھ موٹرسائیکل پر بیٹھ کر اپنے گھر گئیں۔
اے آروائی نیوز کی جانب سے رابطہ کرنے پر پی سی بی حکام نے موقف اختیار کیا ہے کہ ان خبروں میں کوئی صداقت نہیں‘ اپنے والد کے ساتھ موٹر سائیکل پر جانے والی نشرح اپنی مرضی سے گئی ہیں بصورت دیگر کھلاڑیوں کو گھر پہنچانے کے لیے بورڈ کی طرف سے تمام انتظامات مکمل تھے۔
ورلڈ کپ میں انتہائی خراب کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے سبب وطن واپسی کے موقع پرکھلاڑیوں نے میڈیا سےگفتگو کرنا مناسب نہیں سمجھااور خاموشی سے گھروں کو روانہ ہوئیں۔
ٹیم ارکان میں سے بسمعہ معروف، ڈیانا بیگ، مرینہ اقبال، ناہیدہ بی بی، اسماویہ سمیت دیگر کھلاڑی اور آفیشلز شامل ہیں۔ ثناء میر اور نین عابدی نجی مصروفیات کی بنا پروطن واپس نہیں آئیں۔
واضح رہے کہ چیئرمین پی سی بی شہریارخان ویمنز ٹیم کی ناقص کارکردگی پر شدید برہمی کا اظہارکرچکے ہیں اور انہوں نے اس حوالے سے رپورٹ بھی طلب کر رکھی ہے۔
ویمنز ورلڈ کپ میں قومی ٹیم نے اپنا ساتواں اور آخری میچ سری لنکا کے خلاف کھیلا اور انتہائی ناقص کارکردگی کی وجہ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد ٹیم اپنا سامان باندھ کر وطن واپس چلی آئی۔
اگرآپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگرآپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پرشیئرکریں۔