کراچی: پاکستان نے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کا اہم سنگ میل عبور کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان نے آئی ایم ایف کے آئندہ جائزے کی تکمیل پر اسٹاف سطح پر معاہدے کا اہم سنگ میل عبور کر لیا۔
جائزے کی تکمیل کے لیے تمام پیشگی اقدامات کر لیے گئے، ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کی آئندہ قسط کے اجرا کے لیے بورڈ اجلاس آئندہ ہفتوں میں متوقع ہے۔
رقوم کا انتظام مختلف ذرائع سے کیا جا رہا ہے جس میں دوست ممالک بھی شامل ہیں، آئندہ 12 ماہ کے لیے 4 ارب ڈالر کے اضافی قرضوں کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔
وزارت خزانہ اور بینک دولتِ پاکستان نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ روپے کی قدر وقتی طور پر کم ہوئی ہے، جو چند ماہ میں مستحکم ہو جائے گی، روپے کی قدر میں تقریباً نصف کمی ڈالر کی عالمی قیمت میں اضافے سے منسوب کی جا سکتی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ درآمدی بل میں عارضی تیزی قابو میں آئے گی تو روپیہ بتدریج مضبوط ہوگا، روپے کی قدر ملکی سیاست اور آئی ایم ایف پروگرام پر تشویش کی بنا پر کم ہوئی، افواہیں قطعی بے بنیاد ہیں، آئی ایم ایف سے ایکسچینج ریٹ کی ایک خاص سطح طے پائی ہے۔