کراچی : پاک فضائیہ کی جانب سے آج سی ویو کراچی پرشاندارایئرشوہوگا، ایئر شو میں ایف سولہ اور جے ایف سیونٹین تھنڈر طیارے پرفارم کریں گے جبکہ شیردل ٹیم لہوگرمانےوالےکرتب دکھائے گی۔
پاک فضائیہ کی جانب سے ستائیس فروری کایادگاردن شایان شان طریقے سےمنانےکیلئے آج سی ویو کراچی پرشاندارایئرشوہوگا، ایئرشو میں جےایف 17تھنڈر اور ایف 16طیارے شاندار فضائی کرتب دکھائیں گے جبکہ پاک فضائیہ کی ایئروبیٹکس ٹیم شیردل بھی لہو گرمانے والے کرتب دکھائے گی۔
گذشتہ روز پاک فضائیہ کی ساحل پر 27 فروری کے حوالےسے فل ڈریس ریہرسل ہوئی تھی ، جس میں پاکستانی لڑاکا طیاروں کی گھن گرج سے فضاگونج اٹھی۔
ریہرسل میں جے ایف 17تھنڈر،ایف 16طیارےاورہیلی کاپٹر نے حصہ لیا جبکہ پاکستان ایئر فورس کے شیردل اسکواڈرن نےپیشہ ورانہ تربیت کاشاندار مظاہرہ کیا اور ائروبیٹس کے دوران فضاءمیں رنگ بکھیرے دیے تھے۔
اس سے قبل پاک فضائیہ کے شعبہ تعلقات عامہ نے 27 فروری کی مناسبت سے نغمہ جاری کیا تھا ، گلوکار شجاع حیدر نے اپنے تخلیق کردہ نغمے اللہ اکبر میں اپنی آواز کا جادو جگایا ہے۔
یاد رہے 27فروری کو آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے نام سے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ، یہ وہ دن ہے جب پاکستان نے بھارت کی نام نہاد بالاکوٹ سٹرائیک کے جواب میں اپنی مرضی کی جگہ اور وقت پر بھارت کو جواب دیا تھا۔
آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کا آغاز لائن آف کنٹرول کے پار 6 بھارتی فوجی ٹارگٹس کا نشانہ بنانے سے شروع ہوا ، جس پر بھارت کی طرف سے مگ 21، ایس یو 30اور میراج 2000 بھجوائے گئے ، جن میں سے 2طیارے پاک فضائیہ کے شاہینوں کا شکار بنے۔
بھارتی مگ 21طیارے کا ملبہ پاکستانی علاقے میں گرا اور اس کا پائلٹ ابھی نندن گرفتار ہوا، جبکہ بھارتی ایس یو 30طیارہ مقبوضہ کشمیر میں گر کر تباہ ہوا ، جس میں اس کا پائلٹ بھی مارا گیا تھا ۔