کرائسٹ چرچ: نیوزی لینڈ نے دوسرے ٹیسٹ میں بھی پاکستان کو شکست دے دی، قومی ٹیم دوسری اننگز میں 186رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، حریف نے اننگز اور 176 رنز سے میچ جیت لیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کو دوسرے ٹیسٹ میں اننگز اور 176 رن سے شکست ہوگئی، نیوزی لینڈ نے ٹیسٹ سیریز میں دو صفر سے وائٹ واش کردیا، کرائسٹ چرچ میں قومی ٹیم دوسری اننگز میں بری طرح ناکام ہوگئی، ایک سو چھیاسی رنز پر پوری ٹیم پویلین لوٹ گئی، کوئی بھی کھلاڑی کریز پر نہ ٹک سکا۔
میچ کے چوتھے روز کائل جیمی سن نے تباہی مچادی، ٹاپ آرڈر اور مڈل آرڈر سب نے ہتھیار ڈال دیئے۔ شان مسعود صفر، عباس 3، حارث 15، فواد 16 اور رضوان 10 رنزبنا کرہمت ہار گئے۔ جبکہ اظہرعلی اور ظفرگوہر 37 رنز بنا سکے۔
پاکستانی ٹیم دوسری اننگز میں ایک سوچھیاسی رنز پر ڈھیرہوگئی۔ پاکستان کی کیویز کے خلاف یہ دوسری بڑی ناکامی ہے۔ چھ فٹ آٹھ انچ قامت کےجیمی سن گیارہ وکٹیں لے کرمیچ کے ہیرو بن گئے، جیت کے ساتھ نیوزی لینڈ ٹیسٹ کی نمبر ایک ٹیم بن گئی۔ سیریز میں شکست نے شائقین کرکٹ کو بھی مایوس کردیا۔
نیوزی لینڈ کی شاندار اننگز
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز نیوزی لینڈ نے چھ وکٹوں کے نقصان پر 659 رنز بناکر اپنی پہلی اننگز ڈیکلیئر کردی تھی، جس کے بعد نیوزی لینڈ کو پہلی اننگز میں 362رنز کی برتری حاصل ہوئی، نیوزی لینڈ کی جانب سے پہلی اننگز میں ایک ڈبل سینچری اور دو سینچریاں اسکور کیں گئیں۔
Match Summary
Scorecard: https://t.co/64VX515STq#NZvPAK | #HarHaalMainCricket | #BackTheBoysInGreen pic.twitter.com/VnolzwvNCG
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) January 6, 2021
کیوی کپتان کین ولیمسن نے پاکستان کے خلاف شاندار ڈبل سینچری اسکور کی، ہینری نکلس 157رنزبناکر آؤٹ ہوئے دونوں کھلاڑیوں کے درمیان چوتھی وکٹ پر 369 سے زائد رنز کی ریکارڈ پارٹنرشپ بنی، بعد ازاں ڈیرل مچل نے برق رفتاری سے رنز اسکور کئے اور انہوں نے بھی پاکستان کے خلاف سینچری اسکور کرتے ہوئے 102 رنز بنائے تھے۔
پاکستان کی جانب سے محمد عباس، فہیم اشرف اور شاہین آفریدی نے 2، دو وکٹیں حاصل کیں، تیسرے دن کھیل کے دوران بارش نے بھی میچ کو روکے رکھا۔
قومی ٹیم کی پہلی اننگز
اس سے قبل دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کے کھیل میں پاکستانی ٹیم کی بیٹنگ لائن ناکام رہی اور پوری ٹیم 297 کے مجموعے پر آؤٹ ہوگئی تھی، پاکستان کی جانب سے اظہر علی نے 93، کپتان محمد رضوان نے 61، فہیم اشرف نے 48 اور ڈیبیو کرنے والے کھلاڑی ظفر گوہر نے 34 رنز اسکور کیے تھے۔