پاکستان اور بیلاروس بزنس فورم کا انعقاد ہوا جس میں دونوں ممالک کے درمیان مختلف مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق بیلاروس کے صدر کی پاکستان آمد سے قبل بزنس فورم کا انعقاد ہوا ہے جس میں دونوں ممالک کے مابین مختلف مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے ہیں۔
پاکستان اور بیلاروس کے درمیان 5 سال کے لیے تعاون پر "نیوٹریفوڈ اینڈ فارماسیوٹیکلز کمپنی” اور "بیلاکٹ” کا مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔
اس کے علاوہ سال 2025 کے لیے پاکستان اور بیلاورس کے مابین مصنوعات کی فراہمی کے لئے "شہزاد ٹریڈ لنکس” اور "منسک موٹر پلانٹ” کا مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔ "شہزاد ٹریڈ لنکس” اور "بیلشینا” کے مابین پاکستانی منڈی میں ٹائرز کی فراہمی کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔
ویٹرنری ادویات کی فراہمی کے لیے "مصطفی برادرز” اور "بیل وٹونیفارم” کے مابین معاہدہ بھی طے پا گیا۔ "نیشنل لاجسٹک کارپوریشن” اور "بیلٹاموز سروس” کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔
فارما انڈسٹری میں تعاون پر "بائیو میڈیکل سسٹم” اور "بیلمیڈپریپریٹری” کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر بھی دستخط کیے گئے۔ مصنوعات کی فراہمی کے لیے "راس انٹرنیشنل ٹریڈنگ” اور "بیلٹس ویٹمیٹ” کے مابین معاہدہ طے پا گیا۔ پاکستان کی جانب سے”گرین کارپوریشن انیشی ایٹو” اور بیلاروس کی "منسک ٹریکٹر ورکس” کمپنیوں کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔
واضح رہے کہ بیلاروس کا 68 رکنی اعلیٰ سطح کا وفد گزشتہ روز اسلام آباد پہنچا تھا جبکہ صدر بیلاروس الیگزینڈر لوکاشینکو آج تین روزہ دورے پر پاکستان پہنچیں گے۔
گزشتہ روز آنے والے وفد میں وزیر خارجہ، وزیر توانائی، وزیر صنعت، وزیر عدل و انصاف، وزیر مواصلات، وزیر قدرتی وسائل، وزیر ہنگامی حالات، چیئرمین ملٹری انڈسٹری کمیٹی اور 43 بڑی کاروباری شخصیات بھی شامل ہیں۔