اسلام آباد : پاکستان اور برازیل کے درمیان دفاعی تعاون کا معاہدے طے پاگیا، جبکہ پاکستان نے برازیلی فضائیہ کو JF-17 تھنڈر لڑاکا طیارہ فراہم کرنے کی بھی پیشکش کی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور برازیل کے درمیان دفاعی تعاون کے معاہدے پر دستخط کردیے گئے ، معاہدہ لاطینی امریکہ کی سب سے بڑی دفاعی نمائش LAAD-2025 کے موقع پر طے پایا۔
معاہدہ پاکستان کے سیکرٹری دفاعی پیداوار لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد چراغ حیدر اور برازیل کے وزیر دفاع جوزے موسیو مونٹیریو فِلہو کے درمیان ایک اعلیٰ سطحی ملاقات کے دوران طے پایا۔
برازیلی وزیر دفاع نے LAAD-2025 میں پاکستان کی بھرپور شرکت کو سراہا۔
سیکرٹری دفاعی پیداوار نے پاکستان کی مقامی اور کم لاگت دفاعی صنعت میں مہارت کو اجاگر کیا اور برازیلی فوج کے لیے M-113 آرمرڈ پرسنل کیریئرز کی تجدید میں پاکستان کی خدمات کی پیشکش کی۔
پاکستان نے برازیلی فضائیہ کو JF-17 تھنڈر لڑاکا طیارہ فراہم کرنے کی بھی پیشکش کی۔
برازیلی وزیر دفاع نے پاکستانی وفد کو برازیل کے دفاعی شعبے کو درپیش چیلنجز اور ترجیحات سے آگاہ کیا ، جن میں جدیدکاری کے منصوبے، سرحد پار جرائم کے خلاف حکمت عملی اور ایمیزون کے جنگلات کے تحفظ جیسے امور شامل ہیں.